اسلام ٹائمز۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے گزشتہ سال کھولے گئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی رپورٹ جاری کر دی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق 2024ء میں 1 لاکھ 27 ہزار 656 روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھولے گئے، جن کی تعداد 2024ء کے اختتام تک 7 لاکھ 78 ہزار 713 رہی۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے بتایا گیا کہ 2024ء میں روشن ڈیجیٹل کھاتوں میں 2.147 ارب ڈالرز جمع کروائے گئے، جبکہ 52 ماہ میں روشن ڈیجیٹل کھاتوں میں 9.342 ارب ڈالرز جمع کروائے گئے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق 2024ء میں روشن ڈیجیٹل کھاتوں سے 16 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز نکلوائے گئے، جبکہ 52 ماہ میں 1.70 ارب ڈالر نکلوائے گئے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق روشن کھاتوں میں دسمبر 2024ء تک واجب ادا ڈپازٹس 1.73 ارب ڈالرز ہیں۔