اسلام ٹائمز۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے سندھ کیلئے کم فنڈز مختص کرنے پر احتجاج کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خط میں کہا ہے کہ یہ بات قابل تشویش ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے سندھ کیلئے 5 فیصد سے بھی کم رقم رکھی ہے، این ایچ اے نے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں سندھ کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پنجاب کے 33 منصوبوں پر 38.65 فیصد، سندھ کے 6 منصوبوں پر 4.34 فیصد رقم مختص کی گئی، خیبرپختونخوا کے 30 منصوبوں کیلئے 17.59 فیصد، بلوچستان کے 22 منصوبوں پر 23.87 فیصد رقم رکھی گئی ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ حیدرآباد سکھر موٹروے کی تعمیر ملک کی ترقی کیلئے انتہائی اہم ہے، این ایچ اے کو ہدایات جاری کریں کہ وہ حیدرآباد سکھر ایم 6 موٹروے کا کام شروع کریں، اس منصوبہ کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جائے۔