اسلام ٹائمز۔ "انصار الله" کے ترجمان "محمد عبد السلام" نے صنعاء و الحدیدہ پر صیہونی جارحیت کی شدید مذمت کی۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ صیہونی رژیم جان لے کہ ہماری عوام ان حملوں کی وجہ سے فلسطینیوں کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یمن ہرگز اپنی انسانی و دینی اقدار کو فراموش نہیں کرے گا۔ انصار الله کے ترجمان نے کہا کہ صنعاء کے ہوائی اڈے اور دیگر غیر عسکری انفراسٹرکچر پر صیہونیوں کا حملہ ہماری عوام کے خلاف ایک بہت بڑا جرم ہے۔ محمد عبد السلام نے خبردار کیا کہ یہ فعل ظاہر کرتا ہے کہ اسرائیل وہی کام کر رہا ہے جو اس نے اس سے پہلے فلسطین و غزہ میں کیا ہے۔ انہوں نے لاکھوں فلسطینیوں کو موت کے گھاٹ اتارا ہے اور ان کی نسل کشی کی ہے۔
واضح رہے کہ خبر رساں اداروں نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب رپورٹ جاری کی کہ صیہونی لڑاکا طیاروں نے یمن کے مختلف علاقوں پر بمباری کی۔ صیہونی جنگی طیاروں نے صوبہ "صنعاء" اور "الحدیدہ" پر 7 فضائی حملے کئے۔ مذکورہ صوبوں میں پاور پلانٹس کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا۔ تاہم بعض ذرائع نے صنعاء کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بھی صیہونی جارحیت کی خبر دی۔ صیہونی فوج کے ریڈیو نے عسکری ذرائع کا حوالے دیتے ہوئے بتایا کہ ان حملوں میں صنعاء ائیرپورٹ، الحدیدہ بندرگاہ اور پٹرولیم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ عبرانی ذرائع ابلاغ نے بھی یمن پر اسرائیل کے وسیع حملوں کی تصدیق کی۔ ان ذرائع نے بتایا کہ درجنوں صیہونی جنگی طیاروں نے اس کارروائی میں حصہ لیا۔