اسلام ٹائمز۔ تحریکِ بیداری امتِ مصطفیٰؐ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے ایک اہم بیان میں کہا کہ پیغمبر اعظم ﷺ کی ولادت ان برکتوں کا نقطئہ آغاز ہے جو اللہ نے بشریت کیلئے مقدر فرمائی ہیں۔ آج کے دن آپ ﷺ کے سامنے سب سے بہترین ہدیہ یہ ہوگا کہ امت مسلمہ کا ہر طبقہ، خواہ وہ شیعہ ہو، سنی ہو، دیوبندی، اہلحدیث یا مشائخ، سب ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر عہد کریں کہ یا رسول اللہ! ہم آپ کی امت ہیں اور آپ کی خاطر اپنی باہمی دشمنیوں کو دفن کر چکے ہیں۔
علامہ سید جواد نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ تفرقہ کسی کا مذہب نہیں بلکہ ایک کاروبار ہے۔ تفرقے کی بات کرنا یا تفرقہ پھیلانے والوں کی حمایت کرنا امت اور اسلام کیساتھ کھلی دشمنی ہے۔ مذہب کے نام پر فرقہ واریت ایک سنگین جرم ہے۔ امت مسلمہ کی بقاء کی بنیاد توحید اور قرآن کے محور پر اتحاد میں ہے، جبکہ طاغوتی اور استعماری طاقتوں کی بقاء بشریت کے درمیان تفرقے اور جدائی پر منحصر ہے۔