0
Tuesday 10 Sep 2024 18:42

جمہوری عمل کا حصہ بنانے کیلئے جماعت اسلامی کشمیر پر عائد پابندی ہٹائی جائے، محبوبہ مفتی

جمہوری عمل کا حصہ بنانے کیلئے جماعت اسلامی کشمیر پر عائد پابندی ہٹائی جائے، محبوبہ مفتی
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ محبوبہ مفتی نے جنوبی کشمیر ضلع پلوامہ میں انتخابی ریلی کے دوران خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر جماعت اسلامی کشمیر پر عائد پابندی کو ہٹائے جانے کی سفارش کی۔ ضلع کے چندگام علاقے میں انتخابی مہم کے دوران خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے الزام عائد کیا کہ جماعت اسلامی کے نام پر الیکشن لڑنے والے آزاد امیدواروں کو تنظیم کی حمایت حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے حقیقی ارکان یا تو جیلوں میں بند ہیں یا پھر این آئی اے، ایس آئی اے یا دیگر ایجنسیوں کو ان کے پیچھے لگایا گیا ہے۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ اگر حکومت ہند جماعت اسلامی کشمیر کو باضابطہ طور الیکشن پراسیس (انتخابی عمل) کا حصہ بنانا چاہتی ہے تو جماعت پر عائد پابندی کو ہٹا کر، ان کے منجمند کئے گئے اثاثے بحال کرکے انہیں برابری کا موقع فراہم کیا جائے۔

محبوبہ مفتی نے ان باتوں کا اظہار پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے ضلع کے چندگام علاقے میں منعقدہ انتخابی مہم کے دوران کیا۔ انتخابی مہم میں محبوبہ مفتی نے پلوامہ نشست کے لئے اپنے امیدوار وحید الرحمن پرہ کے حق میں ووٹ دینے کی عوام سے اپیل کی۔ محبوبہ مفتی نے دعویٰ کیا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی جموں و کشمیر کی واحد ایسی سیاسی جماعت ہے جس نے جموں و کشمیر کی مجموعی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کیا۔ انہوں نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیلوں میں قید نوجوانوں کے والدین کو ان سے ملنے کی اجازت نہیں ہے لیکن دوسری طرف کچھ لوگ جو جیلوں میں ہیں اسمبلی الیکشن لڑ رہے ہیں اور پروٹوکول کے مزے لے رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1159167
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش