0
Tuesday 30 Jul 2024 18:56

صرف ایک مہینہ باقی ہے اور انتخابات کیلئے کوئی عمل شروع نہیں کیا گیا ہے، سید روح اللہ

صرف ایک مہینہ باقی ہے اور انتخابات کیلئے کوئی عمل شروع نہیں کیا گیا ہے، سید روح اللہ
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمنٹ سید روح اللہ مہدی نے پیر کو جموں و کشمیر میں جلد از جلد انتخابات کرانے کا مطالبہ اٹھایا۔ سپریم کورٹ آف انڈیا نے الیکشن کمیشن کو جموں و کشمیر میں 30 ستمبر تک انتخابات کرانے کی ہدایت دی تھی۔ پولنگ پینل نے ابھی تک انتخابات کے شیڈول کا اعلان نہیں کیا ہے۔ پارلیمنٹ میں مرکزی بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے سید روح اللہ مہدی نے کہا کہ صرف ایک مہینہ باقی ہے اور انتخابات کے انعقاد کے لئے کوئی عمل شروع نہیں کیا گیا ہے۔ سرینگر کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ میں یہاں الیکشن کی بھیک مانگنے نہیں آیا ہوں، سپریم کورٹ نے اس حکومت کو ہدایت دی تھی کہ ستمبر تک جمہوری حکومت تشکیل دی جائے بس ایک مہینہ باقی ہے اور ابھی تک انتخابات کا کوئی عمل شروع نہیں ہوا ہے۔

گزشتہ دسمبر میں سابقہ ​​ریاست جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دینے والی آرٹیکل 370 کی دفعات کو منسوخ کرنے کے مرکز کے فیصلے کو سپریم کورٹ نے برقرار رکھتے ہوئے جلد از جلد ریاست کی بحالی کی ہدایت دی تھی۔ سپریم کورٹ کے حکم میں کہا گیا تھا کہ اسمبلی انتخابات 30 ستمبر 2024ء تک کرائے جائیں۔ مارچ میں پارلیمانی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ جموں و کشمیر میں اسمبلی اور پارلیمانی انتخابات کا ایک ساتھ انعقاد لاجسٹک اور سیکورٹی وجوہات کی وجہ سے کرانا ممکن نہیں تھا۔ جب بھی جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات ہوں گے، یہ اگست 2019ء میں آئین کی دفعہ 370 کی منسوخی اور جموں و کشمیر کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کرنے کے بعد پہلی مرتبہ ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 1150904
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش