اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں بارودی سرنگ دھماکے میں شہید جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کیپٹن محمد فراز الیاس، صوبیدار میجر محمد نذیر، لانس نائیک محمد انور کی نماز جنازہ بنوں میں ادا کی گئی۔ لانس نائیک حسین علی، سپاہی اسد اللّٰہ، سپاہی منظور حسین اور سپاہی راشد محمود کی نماز جنازہ بھی ادا کر دی گئی۔
بعد ازاں کیپٹن الیاس فراز کا جسد خاکی ان کے آبائی علاقے چونیاں پہنچایا گیا، جہاں نماز جنازہ میں وزیر اعظم شہباز شریف، وفاقی وزرا، عسکری حکام، کور کمانڈر پشاور، حاضر سروس افسران، جوانوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے شہیدوں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور شہید کیپٹن فراز الیاس کے جنازے کو کاندھا بھی دیا۔