اسلام ٹائمز۔ فرانسیسی وزیر خارجہ اسٹیفن سیگورنیٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ پیرس، جنگ غزہ کے مکمل خاتمے کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک قرارداد پیش کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
قاہرہ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اسٹیفن سیگورنیٹ کا کہنا تھا کہ اس قرارداد کے مسودے میں "2 ریاستی حل کے لئے تمام رہنما اصولوں" اور "غزہ کی پٹی میں مستقل جنگبندی" کے قیام کی ضرورت پر زور دیا جائے گا۔
عالمی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق مصر و اردن کے وزرائے خارجہ کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں گفتگو کے دوران فرانسیسی وزیرخارجہ نے غزہ کی پٹی میں فوری و مستقل جنگبندی اور حماس کے زیر حراست موجود تمام اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز ہی غزہ کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ کی پٹی کے خلاف جاری انسانیت سوز اسرائیلی جنگی جرائم کے باعث اب تک 32 ہزار 705 فلسطینی شہری شہید اور 75 ہزار 190 زخمی ہو چکے ہیں۔