اسلام ٹائمز۔ پولیس نے کوئٹہ میں کارروائی کرتے ہوئے گاڑی میں موجود بارودی مواد کو ناکارہ بناتے ہوئے شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔ صوبائی نگراں وزیر داخلہ زبیر جمالی نے بتایا ہے کہ کوئٹہ میں سرکلر روڈ پر واقع پارکنگ میں کھڑی گاڑی سے 30 سے35 کلو گرام دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔ بم ڈسپوزل ٹیم نے دھماکا خیز مواد کو برآمد کرنے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے ناکارہ بنا دیا۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ نگراں وزیر داخلہ نے متعلقہ اہلکاروں کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے بروقت کارروائی کرکے شہر کو بڑی تباہی سے بچایا ہے۔ جس پر متعلقہ اہلکاروں کو تعریفی اسناد سے نوازا جائے گا۔