اسلام ٹائمز۔ صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ہم تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں اور پاکستان میں بھی تمام اقلیتیں امن اور اتفاق سے مل جل کر رہ رہی ہیں جڑانوالہ واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے اور ہم سب کو مل کر اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لئے کام کرنا چاہیے تاکہ آئندہ ایسے واقعات وقوع پذیر نہ ہوں۔ جڑانوالہ واقعہ کی ہر سطح پر مذمت کی گئی اور نگراں وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ، وزیر اعلیٰ پنجاب اور دیگر اعلیٰ شخصیات نے موقع پر جا کر متاثرین سے اظہار ہمدردی کیا جبکہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی اس کی بھرپور مذمت کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ اس طرح کے واقعات آئندہ رونما نہ ہوں اور اس کے لئے موثر اقدامات اُٹھائے جائیں۔
جبکہ بھارت میں مقیم اقلیتوں کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک روا رکھا جا رہا ہے جس کی ایک واضح مثال گزشتہ دنوں بھارتی ریاست منی پور میں عیسائیوں کے ساتھ ہونے والے افسوسناک واقعات ہیں جس کی پوری دنیا میں انتہائی مذمت کی گئی۔ آزادکشمیر میں مقیم اقلیتیں پرامن اور متحد انداز میں رہ رہی ہیں اور انہیں برابر حقوق میسر ہیں۔ آل نیبرز ہمارا امن اور شانتی کا موقف دنیا بھر میں اُجاگر کرے اسی طرح کشمیری عوام جو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و استبداد کا شکار ہیں اُن کی آواز بھی دنیا بھر میں بلند کریں اور کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے دنیا کے ہر فورم پر اپنی آواز اُٹھائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں امریکہ میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے قائم سماجی تنظیم آل نیبرز (All Neighbours) کے ایک وفد سے تفصیلی ملاقات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امریکہ میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے قائم سماجی تنظیم آل نیبرز کے وفد میں برونربی نیوٹن(Bruener B. Newton)، عائشہ خان، عالیہ مہرین خان، ڈاکٹر جو نائٹ نائٹ(Dr. Joe Knight Knight)، ڈاکٹر راج راٹھور(Dr. Raj Rathor)، انور قاسمی، الیاس مسیح اور مس مینا یونس شامل تھے۔
اس موقع پر وفد کے اراکین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ واپس امریکہ جا کر واشنگٹن میں ایک پریس کانفرنس کریں گے جس میں پاکستان میں مقیم اقلیتوں کے بارے میں جو کہ یہاں امن، سکون اور اتحاد و یگانگت کے ساتھ رہ رہے ہیں کو دنیا تک پہنچائیں گئے۔ اس موقع پر صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے امریکہ میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے قائم سماجی تنظیم آل نیبرز (All Neighbours) کے وفد کے سربراہ کو اُن کی مذہبی ہم آہنگی اور امن کے فروغ کے لئے کی جانے والی خدمات کے اعتراف پر صدارتی شیلڈ بھی دی۔
اس موقع پر وفد نے صدر ریاست آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو امریکہ کے دورے کی دعوت بھی دی جو کہ صدر ریاست آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ مناسب وقت پر امریکہ کا دورہ کریں گے۔ اس موقع پر صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ اسلام امن اور بھائی چارے کا مذہب ہے اور اس میں تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں ہمیں مذہبی ہم آہنگی، امن، اتحاد کے فروغ کے لئے کوششیں کرنی چاہیے تاکہ جڑانوالہ جیسے واقعات آئندہ رونما نہ ہوں۔ اسی طرح میں امریکہ میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے قائم سماجی تنظیم آل نیبرز (All Neighbours) کے وفد کے اراکین سے کہوں گا کہ وہ کشمیری عوام جو کہ مقبوضہ کشمیر میں ایک مشکل صورتحال سے گزر رہے ہیں اور بھارت کے ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں اُن کی آواز دنیا تک پہنچانے اور کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔