اسلام ٹائمز۔ ازبکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نئے سفیر محمد علی اسکندری نے اپنے سفارتی مشن پر روانگی کے موقع پر وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان کے ساتھ ملاقات کی ہے جس میں انہوں نے تاشقند میں اپنی سفارتی منصوبہ بندی پر روشنی ڈالی۔ اس ملاقات میں حسین امیر عبداللہیان نے بھی دونوں ممالک کے درمیان استوار دوستانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور ایران و ازبکستان کے صدور کی جانب سے باہمی تعلقات کو بہتر بنانے کی خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے موجودہ صلاحیتوں کو بروئے کار لانے پر تاکید کی۔
واضح رہے کہ محمد علی اسکندری قبل ازیں ایرانی وزارت خارجہ کے محکمہ اطلاعات کے سربراہ، اقتصادی سفارتکاری کے نائب مشیر اور قازقستان، یوکرائن و آئرلینڈ میں ایرانی سفارتخانوں کے نائب و انچارج ڈی افیئرز بھی رہ چکے ہیں۔