اسلام ٹائمز۔ پشاور کے علاقہ سربند اچینی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا تاہم سیکورٹی اہلکاروں نے جوابی کارروائی میں حملہ ناکام بنا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پشاور کے تھانہ سربند اچینی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ حملے کے وقت دہشتگردوں کے پاس بھاری اسلحہ موجود تھا۔ پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان کچھ وقت تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں دہشتگردانہ حملے کو ناکام بنا دیا گیا۔ حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی مزید نفری جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہوئی۔ پولیس کی جانب سے تاحال کسی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ حملہ آوروں کی پسپائی کے بعد پولیس نے علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔