اسلام ٹائمز۔ فلسطین کی مقاومتی تحریک "حماس" کے بین الاقوامی تعلقات عامہ کے سربراہ "موسیٰ ابو مرزوق" نے مصر میں ہونے والی کانفرنس کی مخالفت کی اور کہا کہ حماس کے پاس صرف مقاومت میں اضافے کا آپشن ہے۔ موسیٰ ابو مرزوق نے کہا کہ حماس شرم الشیخ میں ہونے والی نام نہاد امن کانفرنس کی مخالفت پر زور دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد قابض صیہونی رژیم کے خلاف مقاومت کو تیز کرنا ہے۔ ہم شرم الشیخ اور اس جیسی ہر کانفرنس کے مخالف ہیں، جو یک طرفہ امن کی خواہاں ہے۔ انہوں نے صراحت کے ساتھ کہا کہ امریکی اور یورپی فریق صیہونی رژیم کے جرائم پر بیانات تو دیتے ہیں، لیکن عملی طور پر اسے روکنے کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھاتے۔
حماس کے رہنماء نے اسرائیلی حکومت سے فلسطینی اتھارٹی کے سکیورٹی تعاون کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ فلسطینی فریق جان لے کہ صیہونی حکومت سے زیادہ اہم اپنی ملت کے ساتھ تعاون اور ہم آہنگی ہے۔ موسیٰ ابو مرزوق نے کہا کہ صیہونی حکومت نے 1948ء کے مقبوضہ علاقوں میں رہنے والے فلسطینیوں کے ساتھ ایک نئی محاذ آرائی شروع کی ہے، جس میں ہمارے گھروں کو نابود کرنا شامل ہے اور ہمارے مکانات گرانے کا حالیہ فیصلہ گرین بیلٹ کے اندر ایک نئے مرحلے کے آغاز کی نشانی ہے۔