0
Thursday 30 May 2019 23:49
اکثر عرب ممالک امریکی رضا کے حصول کیلئے یہود و ہنود کو اپنے سینے سے لگا رہے ہیں

عالمی یوم القدس سینچری ڈیل سازش کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر

پوری قوم عالمی یوم القدس پر مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے
عالمی یوم القدس سینچری ڈیل سازش کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر
ملی یکجہتی کونسل اور جمعیت علمائے پاکستان (نوارنی) کے سربراہ صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کا شمار ملک کے اہم مذہبی و سیاسی رہنماﺅں میں ہوتا ہے، ملک میں نظام مصطفٰی (ص) کا نفاذ انکی جماعت کا مشن ہے۔ ”اسلام ٹائمز“ نے صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کے ساتھ انکی رہائش گاہ پر عالمی یوم القدس اور سینچری ڈیل کے حوالے سے ایک اہم مختصر نشست کی، اس موقع پر آپ سے ساتھ کیا گیا خصوصی انٹرویو قارئین کیلئے پیش ہے۔ ادارہ

اسلام ٹائمز: مسئلہ فلسطین کو ہمیشہ کیلئے دفن کرنے کی سازش یعنی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سینچری ڈیل یا صدی کا سودا کے حوالے سے کیا کہنا چاہیں گے۔؟
صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر:
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم۔۔۔۔۔
امریکا کی کھلی پشت پناہی اسرائیل کو ہمیشہ سے حاصل رہی ہے، مقبوضہ فلسطین میں جاری اسرائیلی دہشتگردی کو ہمیشہ امریکی سپورٹ حاصل رہی ہے، امریکا ہر وہ قدم اٹھاتا ہے، جو اسرائیل کو مستحکم کرے، فائدہ پہنچائے، معاشی فائدے کا سبز باغ دکھا کر پورے فلسطین کو اسرائیلی غاضب حکومت کے ماتحت کرنے کی جو سینچری ڈیل کی سازش کی جا رہی ہے، یہ بھی اسرائیل کو فائدہ پہنچانے کی کوششوں کی ہی ایک کڑی ہے، امریکا اسلام و مسلمانوںکا کھلا دشمن ہے، اسکا کوئی عمل بھی مسلمانوں کے فائدے میں نہیں ہے۔سینچری ڈیل گزشتہ سال مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی غاضب حکومت کا دارالحکومت ماننے کا اعلان اور امریکی سفارتخانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کے اقدام کی ہی ایک کڑی ہے۔ سینچری ڈیل گریٹر اسرائیل کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کی سازش کا حصہ ہے، لیکن یہ خواب کے ساتھ ہی دفن ہو جائے گی۔

اسلام ٹائمز: سینچری ڈیل کامیاب ہوگی یا مظلوم فلسطینیوں کی تحریک حق واپسی۔؟
صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر:
تحریک آزادی فلسطین صرف کامیاب ہی نہیں بلکہ جلد کامیاب ہوگی، فلسطین فلسطینیوں کا ہے اور رہے گا، اپنی سرزمین سے جبری بے دخل کئے مظلوم فلسطینیوں کی تحریک حق واپسی آگے بڑھ کر کامیابی سے ہمکنار ہوگی، سینچری ڈیل سمیت یہود و نصاریٰ کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔کوئی بھی معاشی فائدہ پہنچانے کا سبز باغ دکھا کر فلسطینی مجاہدین کو انکی راہ سے نہیں ہٹایا جا سکتا، بیت المقدس سمیت تمام مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے صہیونی اسرائیلی قبضہ جلد خالی کرا لیا جائے گا۔

اسلام ٹائمز: سینچری ڈیل سازش کے تناظر میں پاکستانی کردار کیا ہونا چاہیئے۔؟
صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر:
پاکستان عالم اسلام کا اہم ترین ملک اور قلعہ ہے، اسے سینچری ڈیل کی سازش کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلند کرنی چاہیئے، اس سازش کو بے نقاب کرنا چاہیئے،دیگر اسلامی و عرب ممالک کو بھی اس سینچری ڈیل کو قبول کرنے سے باز رکھنے کی کوشش کرنی چاہیئے۔ لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ پاکستانی حکومت کی صفوں میں موجود کچھ لوگ اسرائیل کیلئے نرم گوشہ رکھتے ہوئے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں، ان سے کیا توقع رکھی جا سکتی ہے کہ وہ اس سازش کے خلاف بات کرینگے، میرے خیال میں ان میں اتنی سکت بھی نہیں ہے کہ یہ فقط سینچری ڈیل کے خلاف کوئی زبانی بیان ہی دے سکیں۔

اسلام ٹائمز: سینچری ڈیل کی امریکی صہیونی سازش کو بدقسمتی سے بعض اہم عرب ممالک کی حمایت بھی حاصل ہے، کیا کہیں گے اس حوالے سے؟
صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر:
عرب ممالک کی اکثریت امریکا کی غلام بنی ہوئی ہے اور امریکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، یہ عرب ممالک امریکی اشاروں پر مسلمانوں کے مفادات کے خلاف فیصلے کرتے ہیں، اسرائیل کیلئے ہمدردی کے جذبات کا اظہار کرتے ہیں، جو قرآن و سنت کی صریح خلاف ورزی ہے کہ یہود و نصاریٰ اسلام کے کبھی دوست نہیںہو سکتے، یہ اکثر عرب ممالک امریکی رضا کے حصول کیلئے یہود و ہنود کو اپنے سینے سے لگا رہے ہیں، انہی عرب ممالک نے اسلامی کانفرنس اجلاس میں موودی کو دعوت دیکر بلایا،اس سے زیادہ افسوسناک صورتحال اور کیا ہوگی۔یہ سب امریکا کو خوش کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں، پتا نہیں ان کی غیرت کب جاگے گی۔

اسلام ٹائمز: مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور مسئلہ فلسطین کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینیؒ کے فرمان پر جمعة الوداع کو عالمی یوم القدس منایا جاتا ہے، امام خمینی کے اس فرمان اور اسکے عالمی سطح پر پڑنے والے اثرات کے حوالے سے کیا کہیں گے۔؟
صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر:
امام خمینیؒ نے ماہ رمضان المبارک میں جمعة الوداع کو عالمی یوم القدس منانے کا اعلان کا اعلان کرکے امت مسلمہ کو شعود عطا کیا ہے، بیداری دی ہے کہ وہ مظلوم فلسطینیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں، امام خمینی کا عالمی یوم القدس کا اعلان مظلوم فلسطینیوں کی مدد کا اعلان ہے، عالمی یوم القدس صرف عالم اسلام میں ہی نہیں بلکہ اب عالمی سطح پر مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے، اسے پس پشت ڈالنے سے بچانے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، عالمی یوم القدس امت مسلمہ میں شعور و بیداری کا باعث ہے کہ مسلمانان عالم اپنے مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں میدان عمل میں آئیں،عالمی یوم القدس ہر سال تحریک آزادی فلسطین میں نئی روح پھونکنے کا باعث بنتا ہے، اس سے مظلوم فلسطینیوں کی حوسلہ افزائی اور صہیونی اسرائیل پر لرزہ طاری ہوتا ہے۔

عالمی یوم القدس سے فلسطینی مجاہدین کو ہر سال ایک نیا جوش و جذبہ ملتا ہے، ان کی تحریک آزادی فلسطین میں ہر سال ایک نئی جان پڑتی ہے، مسئلہ فلسطین کو زندہ رکھنے کا حامل عالمی یوم القدس ہر سال کی طرح اس سا ل بھی پہلے سے زیادہ بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔ عالمی یوم القدس مظلوم فلسطینیوں کے حق میں صہیونی اسرائیل کے خلاف رائے عامہ ہموار کرنے کیلئے انتہائی موثر ذریعہ ہے، عالمی یوم القدس کا اعلان دراصل عالم اسلام کی آواز ہے، مسلمانان عالم کے دل کی آواز ہے، ان کے جذبات کی حقیقی عکاسی کرتا ہے، ان کی صحیح ترجمانی کرتا ہے، حتیٰ عالمی القدس ناصرف مسلم امہ بلکہ پوری دنیا کے مظلومین کی آواز بن چکا ہے۔

اسلام ٹائمز: سینچری ڈیل سازش کے تناظر میں اس سال عالمی یوم القدس منانا انتہائی اہمیت کا حامل ہوگیا ہے، آپ کی کیا رائے ہے۔؟
صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر:
عالمی یوم القدس ایک عالمی تحریک بن چکا ہے،جب یہ عالمی تحریک اٹھتی ہے تو دنیا میں جو غیر جانبدار طبقہ ہے، خواہ وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتا ہو، ان میں شعور و بیداری پیدا ہوتی ہے، وہ بھی عالمی یوم القدس پر مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور صہیونی اسرائیل کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں، حتیٰ کہ بڑی تعدادمیں یہودی بھی صہیونی اسرائیل کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے یوم القدس مناتے ہیں۔ لہٰذا ضروری ہے سینچری ڈیل سازش کو ناکام بنانے، اس کے خلاف عالمی سطح پر شعور بیدار کرنے کیلئے اس سال عالمی یوم القدس کو پہلے سے زیادہ موثر انداز میںمنایا جائے۔ عالمی یوم القدس تو ہر سال ہی شایان شان طریقے سے منایا جاتا ہے، لیکن جب دشمنان اسلام کی سازشیں بڑھ جائیں تو عالمی یوم القدس کی اہمیت بھی بڑھ جاتی ہے، چونکہ سینچری ڈیل کی صورت میں اس سال سازشیں عروج پر ہیں تو ضروری ہے کہ پاکستان سمیت عالم اسلام میں یوم القدس کو پہلے سے زیادہ بھرپور انداز میں منایا جائے۔ ان شاءاللہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں حریت پسند عالمی یوم القدس بھرپور انداز میں منا کر سینچری ڈیل سازش کے تابوت میں آخری کیل ٹھوکیں گے۔

اسلام ٹائمز: پاکستان میں عالمی یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کے مطالبے پر کیا کہیں گے۔؟
صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر:
عالمی یوم القدس کو سرکاری سطح پرمنانے کا مطالبہ تو ہر سال کیا جاتا ہے، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہمارے حکمران اس مطالبے پر کان دھرنے کیلئے تیار نہیں ہیں، منہ زبانی تو ریاست مدینہ کی بات کی جا رہی ہے، لیکن عملی طور پر ریاست مدینہ کے اصولوں کے خلاف عمل پیرا ہیں۔ ایسے حکمرانوں سے کیا توقع رکھی جا سکتی ہے کہ عالمی یوم القدس سرکاری سطح پر منا کر امریکا کی ناراضگی مول لیں، یہ امریکی اور آئی ایم ایف کے غلام حکمران کبھی بھی امریکی مرضی کےخلاف کام نہیں کرینگے۔

اسلام ٹائمز: عالمی یوم القدس بھرپور انداز میں منانے کیلئے پاکستانی عوام کو کیا پیغام دینگے۔؟
صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر:
پوری قوم کو چاہیئے کہ عالمی یوم القدس پر مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے، اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ پاکستانی قوم کے دل ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں، پاکستانی عوام نے ہمیشہ اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کیلئے صدائے حق بلند کی ہے، ضروری ہے کہ بڑھتی ہوئی سازشوں کے پیش نظر یوم القدس پر پاکستان میں پہلے سے زیادہ بھرپور انداز اور جوش و جذبے کے ساتھ ریلیاں، احتجاجی مظاہرے،جلوس، کانفرنسز، سیمینارز و دیگر پروگرامات منعقد کئے جائیں، جس میں تمام مذہبی، مسلکی، سیاسی، لسانی و دیگر وابستگیوں سے بالاتر ہوکر شرکت کی جائے، امید ہے کہ گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی عالمی یوم القدس بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔

اسلام ٹائمز: عالمی یوم القدس کے حوالے سے قومی میڈیا سے کیا اپیل کرینگے۔؟
صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر:
قومی میڈیا کا فرض بنتا ہے کہ عالمی یوم القدس کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کرے، یوم القدس کے حوالے سے عوام و خواص میں شعور و بیداری پیدا کرے، اس طرح سے حکمرانوں پر بھی دباؤ ڈالے کہ یوم القدس ہمارا قومی و ملی فریضہ ہے، اس عوامی و سرکاری سطح پر بھرپور انداز میں منایا جائے، میڈیا عالمی یوم القدس کی مناسبت سے خصوصی نشریات و اشاعت کا اہتمام کرے، پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم القدس منائے جانے کی خصوصی کوریج کرے۔
خبر کا کوڈ : 797135
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش