اسلام ٹائمز۔ لوئر اورکزئی ایجنسی میں جامع مسجد کے سامنے بم دھماکہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 30 افراد شہید ہوگئے ہیں جبکہ 50 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اورکزئی ایجنسی کے شیعہ نشین علاقے کلایہ بازار میں اسوقت بم دھماکہ ہوا جب جامع مسجد کے سامنے لگے عارضی سٹالز پہ لوگ خریداری میں مصروف تھے۔ دھماکے میں 30 افراد کے شہید اور 50 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق خوفناک بم سبزی والی گاڑی میں نصب تھا جو کہ دہشتگردوں نے اہل تشیع نشین علاقے میں لاکھڑی کی۔ دھماکہ اتنا شدید اور خوفناک تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں ہر طرف دھواں اور گرد و غبار پھیل گیا۔ دھماکے سے مسجد و مدرسے کی دروازے کو بھی نقصان پہنچا جبکہ مقامی افراد نے زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ دھماکے کے بعد متاثرہ علاقے کو سکیورٹی اہلکاروں نے گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں۔