اسلام ٹائمز۔ پاراچنار ضلع کرم کی حالیہ کشیدہ و جنگی صورتحال پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور کرم یکجہتی کمیٹی کے رہنماوں نے اسلام آباد میں اہم پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی، ڈاکٹر عابد حسین نے دیگر قائدین اور مشران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے اہم اور حساس ترین علاقے پاراچنار کی حالیہ کشیدہ صورتحال پر انتہائی تشویش ہے، جس میں چند روز کے اندر کئی معصوم جانوں کا ضیاع ہو چکا ہے، جس کی ذمہ داری صوبائی اور وفاقی دونوں حکومتوں پر عائد ہوتی ہے، آخر کیوں مٹھی بھر شدت پسندوں کو بار بار علاقے کے امن و امان سے کھیلنے کا موقع دیا جاتا ہے، ہمارا دونوں حکومتوں سے مطالبہ ہے کہ اس مخدوش صورتحال کو فوری طور پر کنٹرول کریں، پاراچنار کے لوگ پرامن اور تعلیم یافتہ ہیں لیکن ضلع کرم کے لوگوں کو یہ صلہ دیا جا رہا ہے کہ وہاں کے معصوم شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال دیا گیا ہے، دونوں حکومتیں ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بارڈر سے مداخلت کو بھی روکیں اور ان حالات میں ملوث افراد کو فی الفور قانون کی گرفت میں لایا جائے، ہمارے قومی اسمبلی میں بیٹھے ممبران کو اپنی سیاسی چالبازیوں سے ہی فرصت نہیں کہ وہ اس اہم علاقے میں امن کے نفاذ کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔