0
Friday 6 Sep 2024 20:25

بڈگام کشمیر میں والقلم کلچرل فورم کے زیر اہتمام حسینی مشاعرہ منعقد

اسلام ٹائمز۔ والقلم کلچرل سوسائٹی کشمیر نے گورنمنٹ ڈگری کالج بڈگام کے تعاون سے ضلع بڈگام میں شہداء کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک روزہ حسینی مشاعرے کا اہتمام کیا۔ تقریب میں شہداء کربلا کی عظیم قربانیوں کو مختلف و منفرد انداز سے یاد کیا گیا۔ تقریب میں وادی کشمیر کے سات اضلاع سے دانشوروں اور شعراء کرام نے شرکت کرکے منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ والقلم کلچرل سوسائٹی کشمیر کی سربراہی دینی اسکالر سید طاہر موسوی کررہے ہیں۔ حسینی مشاعرے میں ابتدائی خطاب مولانا سید ارشد حسین موسوی نے دیا جس میں انہوں نے علامہ اقبال (رہ) اور دیگر اہم مفکرین و ادیبوں کی کربلا کے آثار و افکار کو عام کرنے اور انہیں ترویج دینے کے حوالے سے تفصیلی روشنی ڈالی۔ محفل کی صدارت پروفیسر محمد زمان آزردہ کررہے تھے جبکہ مشہور شاعر فیاض تلگامی و ادبی مرکز کمراز کے سربراہ محمد امین بٹ اور وادی کشمیر کے معروف صحافی امداد ساقی ایوان صدارت میں موجود تھے۔ شعراء کرام نے منظوم کلام کے ذریعے شہداء کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور حضرت امام حسین (ع) کے حضور عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ مشاعرے کے انعقاد کا مقصد نئی نسل کو کربلا کے عظیم واقعے کی اہمیت اور اس کے پیغام سے روشناس کرانا ہے۔ مشاعرہ کے حاشیہ پر والقلم کلچرل سوسائٹی کشمیر کے چیئرمین سید طاہر موسوی نے اسلام ٹائمز کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کربلا کی قربانیاں ہم سب انسانوں کے لئے ایک مشعل راہ ہیں اور شہداء کربلا کی عظیم قربانیوں کو یاد رکھنا اور ان کے پیغام کو عام کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ والقلم کلچرل سوسائٹی آئندہ بھی اس نوعیت کے پروگرامز وادی بھر میں جاری رکھے گی۔
خبر کا کوڈ : 1158415
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش