اسلام ٹائمز۔ حوزہ علمیہ جامعہ العروة الوثقیٰ لاہور میں امیر المومنین حضرت علی ؑ کی ولادتِ با سعادت اور جامعہ کے چودھویں یومِ تاسیس کی مناسبت سے ایک عظیم الشان ملک گیر اجتماع بعنوان "میلاد خیبر شكن" منعقد ہوا, جس میں ملک بھر سے ہزاروں پیروان حیدر کرار، علمائے اسلام اور دنشواران نے شركت كی, جو صیہون اور قابضین اقصیٰ کے خلاف اظہار برات اور مظلوموں کے ساتھ اظہار یکجہتی كر رہے تھے۔ اپنے خطاب میں علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ خیبر شکن کی پیروکار فلسطینی مزاحمتی تحریکوں کے فیصلہ کن وار سے زمیں بوس ہو جانیوالی قابض و غاصب صیہونی حکومت، مجاہدین سے پڑنے والی کاری ضرب کا انتقام غزہ کے عوام، عورتوں اور معصوم بچوں سے لے رہی ہے جبكہ نام نہاد انسانیت اور اسلامی دنیا کی بے مہری کے زخم خوردہ مظلوم فلسطینی پنجہ مرحب سے اپنی نجات کے منتظر ہیں. انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ، ڈیڑھ ارب جمعیت، دولت و ثروت، منابع و معادن ذخائر و خزائن رکھنے کے باوجود غلام، محکوم، محتاج اور کمزور ہے اور شیطانوں کے سامنے تسلیم ہے۔ اس کی واحد اور اصلی وجہ بے شعوری اور تفرقہ ہے۔ آج فلسطین اور قبلہ اول کے لاکھوں شہداء اور ہزاروں تار تار دامن مسلمانوں کی بے حسی اور تفرقہ پر گواہی دے رہے ہیں۔