متعلقہ فائیلیںاسلام ٹائمز۔ سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے پیپلز بس سروس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا افتتاح کردیا۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے دفتر D-43 بلاک 2، کلفٹن میں قائم کیا گیا ہے۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے پیپلز بس سروس کے آپریشنز کی مانیٹرنگ، لائیو ٹریکنگ ہو سکے گی۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سندھ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ذریعے سندھ بھر میں چلنے والی پیپلز بس سروس کی مناسب نگرانی اور بروقت ضروری ہدایات بھی دی جاسکیں گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم پیپلز بس سروس کے مسافروں کی سہولت اور ان کی لائیو وڈیوز کو مانیٹر کرے گا اور اسٹاف کے کنڈکٹ کو مانیٹر کرے گا، اگر کوئی شکایت ہے یا کرایہ زیادہ لیا جا رہا ہے تو شکایت کر سکتے ہیں، کسی مسافر کی کوئی چیز چوری یا غائب ہو تو وہ بھی کیمرے میں آجائے گی۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں پہلی بار اس طرح کا جدید ترین کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم قائم کیا گیا ہے، جس سے پیپلز بس سروس کے تمام آپریشنز پر نظر رکھی جا سکے گی، اس کے ساتھ شکایات کے نمبرز بھی دیئے گئے ہیں جن پر سروس سے متعلق کوئی بھی شکایت کی جاسکتی ہے، کسی کو کوئی شکایت ہوگی تو اس کا بھی بروقت ازالہ کیا جا سکے گا۔