متعلقہ فائیلیںرپورٹ: سید ظفر جعفری
مجلس وحدت مسلمین کے اہتمام کراچی میں حمایت فلسطین و دفاع غزہ ریلی نمائش چورنگی سے امریکی قونصلیٹ تک نکالی گئی۔ ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں عاشقان بیت المقدس نے شرکت کی۔ ریلی میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ شرکاء ریلی نے پلے کارڈز و بینرز اٹھائے ہوئے تھے، جس میں لبیک یااقصیٰ، لبیک یا غزہ، امریکا و اسرائیل مردہ باد، قدس کی آزادی تک جنگ رہے گی و دیگر نعرے درج تھے۔ شرکاء ریلی نے شہید قدس جنرل قاسم سلیمانیؒ کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں۔ ریلی میں ایم کیو ایم، جماعت اسلامی، پیپلز پارٹی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، مجلس ذاکرین امامیہ، شیعہ علماء کونسل، فلسطین فاؤنڈیشن کے مرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم، جمیعت اہل حدیث کے رہنما مفتی مرتضیٰ رحمانی، علامہ صادق رضا تقوی، علامہ حسن صلاح الدین سمیت دیگر سیاسی، مذہبی و سماجی تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
احتجاجی ریلی کے پیش نظر امریکی قونصلیٹ آنے جانے والے تمام راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا تھا، جبکہ رینجرز، پولیس سمیت سیکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی تھی۔ امریکی قونصلیٹ کے قریب ریلی احتجاجی جلسے میں تبدیل ہوگئی۔ مظاہرین سے علامہ حسن ظفر نقوی، ایم کیو ایم کے رہنما رؤف صدیقی، جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر مسلم پرویز، پیپلز پارٹی کے رہنما جاوید ناگوری، مجلس ذاکرین امامیہ پاکستان کے سربراہ علامہ نثار احمد قلندری، علامہ باقر عباس زیدی و دیگر نے خطاب کیا۔ ریلی کے اختتام پر مظاہرین نے امریکی قونصلیٹ کے قریب اسرائیل اور امریکا کے پرچم نذر آتش کئے۔
قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial