اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے سکیورٹی فورسز نے ملک کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں 22 دن تک جاری رہنے والے آپریشن کے دوران 104 شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق میجر جنرل ہمایوں نے بدھ کو میڈیا کو بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے 22 دن تک جاری رہنے والا عسکری آپریشن مکمل کر لیا ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ خیبر ایجنسی کے وادیِ تیراہ میں سکیورٹی فورسز کے کارروائی کے دوران 104 شدت پسند ہلاک اور 84 زخمی ہو گئے۔ میجر جنرل نے کہا کہ اس کارروائی کے دوران 8 سکیورٹی اہلکار بھی ہلاک ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کارروائی کے دوران 94 دیہات کو کلیئر کر دیا گیا ہے اور بے گھر افراد کی دوبارہ بجالی کا عمل جلد ہی شروع کر دیا جائے گا۔