اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے مطالبہ کیا ہے کہ امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث کراچی کو فوج کے حوالے کیا جائے۔ لندن سے جاری بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ سندھ حکومت، کراچی کی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی روکنے میں بالکل ناکام ہوگئے ہیں، دہشت گردی کے کسی بھی واقعے کے بعد یہ ادارے متاثرہ علاقوں سے ایسے غائب ہوجاتے ہیں جیسے یہ کبھی تھے ہی نہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ کراچی کی صورت حال کا نوٹس لے کر اسے فوج کے حوالے کریں اور انسانی جانوں اور تاجروں کے کاروبار کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے نہتے عوام اور تاجر برادری کی امیدوں کا واحد محور و مرکز اب فوج ہی ہے۔ لیاری کی کھچی برادری کی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ اپنے گھروں کو واپس آنے والے خاندانوں پر فائرنگ، راکٹ لانچروں سے حملے اور بم دھماکے کھلی دہشت گردی ہے جس نے لوگوں کی واپسی کی خوشیوں کو بھی خاک میں ملادیا ہے۔