اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی نے کہا یے کہ مسئلہ کشمیر حکومت کی بھرپور توجہ اور عملی اقدامات کا متقاضی ہے، مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خاتمہ اور کشمیر کی آزادی کا مطالبہ کرتے ہیں، کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے اور اگر بھارت اپنی ریاستی دہشت گردی سے پیچھے نہیں ہوتا تو پھر کشمیری عوام کی مزاحمت کو ہر سطح پر تعاون اور حمایت پہنچائی جائے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بد ترین مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور عالمی برادری اور ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، آج بھارت کشمیر میں اور غاصب صہیونیوں کی جعلی ریاست اسرائیل فلسطین میں بدترین انسانی حقوق کی پامالیوں کا ارتکاب کر رہے ہیں۔
ایم ڈبلیو ایم رہنما نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا حل صرف اور صرف مسلح مزاحمت سے ہی ممکن ہے، حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ٹھوس اور بھرپور حکمت عملی وضع کرے، دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کو ان کے اصل باشندوں سے جدا نہیں کر سکتی، بھارت اور اسرائیل دنیا کے امن کے لئے خطرہ ہیں، عالمی برادری ان کے خلاف ایکشن لے۔ انہوں کہا کہ حکومت کی کشمیر و فلسطین کے معاملہ پر کمزور خارجہ پالیسی نے فلسطین اور کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زبانی جمع خرچ کی بجائے کشمیر کاز کے لئے عملی اور موثر اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور فلسطین عالم اسلام کا قلب ہے، بھارت نے پاکستان کی شہ رگ پر قبضہ کر رکھا ہے جبکہ اسرائیل مسلم امہ کے قلب میں خنجر کی مانند ہے۔