اسلام ٹائمز۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظربند سینئر رہنما شبیر احمد شاہ کی قیادت میں قائم ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (ڈی ایف پی) نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے حالیہ بیان کا خیرمقدم کیا ہے جس میں انہوں نے حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر سے ایک بیان میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے بیان کو بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے حوصلے اور تقویت کا باعث قرار دیا۔ انہوں نے حق پر مبنی جدوجہد میں کشمیریوں کی مسلسل حمایت پر پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ ترجمان نے بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر مقبوضہ علاقے میں پابندیوں میں تیزی کی بھی مذمت کی اور اسے ظلم کی ایک اور شکل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گھر گھر تلاشی، جگہ جگہ ناکوں، گاڑیوں، مسافروں اور راہگیروں کی بلاجواز تلاشی نے کشمیریوں کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔
دریں اثنا جموں کشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین الطاف احمد بٹ نے بھی اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے بیان کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لیے تنازعہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کرے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم پاکستان نے گزشتہ روز آزاد جموں و کشمیر کے شہر بھمبر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حق خودارادیت کے حصول تک بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی غیر متزلزل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور وہ بالآخر آزادی حاصل کریں گے۔