اسلام ٹائمز۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات پر بیرونِ ملک جانے والے ایک مسافر کو گرفتار کر لیا۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے 2 جعلی پاسپورٹس ملے، جن پر یورپ کا جعلی ویزا لگا تھا۔ مسافر نے بتایا کہ سوشل میڈیا ایپ پر ایجنٹ سے رابطہ ہوا، جس نے جعلی پاسپورٹ اور یورپ کا ویزا لگا کر دیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق جعلی دستاویزات کی سہولت کاری میں ایئر پورٹ سے ہی 2 ملزمان کو زیرِ حراست میں لیا گیا ہے، زیرِ حراست سہولت کاروں میں ایک معطل پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔ ایف آئی اے نے زیرِ حراست تینوں ملزمان کو تفتیش کیلئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل کے حوالے کر دیا ہے۔