اسلام ٹائمز۔ اسرائیل کی وزارت عظمیٰ کے دفتر نے اعلان کیا کہ ہماری سیاسی و سلامتی کابینہ نے غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے سے اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلے میں صیہونی ذرائع ابلاغ نے رپورٹ دی کہ کچھ ہی دیر قبل غزہ میں سیز فائر اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کا جائزہ لینے کے لئے اسرائیل کی سیاسی و سیکورٹی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اس اجلاس میں مذکورہ کابینہ نے حماس کے ساتھ ان دونوں معاہدوں سے اتفاق کیا ہے۔ صیہونی وزیراعظم "نتین یاہو" کے دفتر نے مزید بتایا کہ معاہدے کی رو سے اتوار کے روز سے قیدیوں کے تبادلے کا آغاز ہو جائے گا۔ قبل ازیں صیہونی وزارت عظمیٰ کے دفتر نے اعلان کیا کہ ہماری مذاکراتی ٹیم نے حماس کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے پر مفاہمت سے نتین یاہو کو آگاہ کیا۔ جس پر نتین یاہو نے متعلقہ افراد کو حکم دیا کہ وہ حماس کی حراست میں موجود قیدیوں کے استقبال کی تیاریاں کریں۔ اپنے بے بنیاد عزائم کا اظہار کرتے ہوئے اسی دفتر نے بیان جاری کیا کہ اسرائیل اپنے تمام جنگی اہداف اور سب سے بڑھ کر اپنے تمام زندہ و مردہ قیدیوں کی واپسی کے لئے پُرعزم ہے۔
یاد رہے کہ قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ "محمد بن عبد الرحمن آل ثانی" نے رواں ہفتے بدھ کے روز غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کی کامیابی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی و صیہونی فریقین نے غزہ کی پٹی میں سیز فائر کے معاہدے کو قبول کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کا نفاذ 19 جنوری 2025ء کو اتوار کے روز سے ہو گا۔ اس معاہدے کی بنیاد پر حماس فلسطینی قیدیوں کے بدلے 33 صیہونیوں کو رہا کرے گی۔ یہاں یہ امر قابل غور ہے کہ صیہونی رژیم نے امریکہ کی حمایت سے 7 اکتوبر 2023ء کو غزہ کی پٹی کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے لئے وحشیانہ جارحیت کا آغاز کیا جس کے نتیجے میں ہزاروں فلسطینیوں کو اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑے۔ شہید ہونے والے افراد میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔ اس جارحیت کے نتیجے میں غزہ کے رہائشیوں کو غذائی قحط کا بھی سامنا ہے۔ تاہم اس جارحیت کے باوجود صیہونی رژیم اس بات کا اعتراف کرتی ہے کہ وہ غزہ پر ایک سال سے زائد بربریت کے باوجود اپنے کسی بھی ہدف کو حاصل نہیں کر سکی۔ واضح رہے کہ ان اہداف میں حماس کی نابودی اور غزہ سے صیہونی قیدیوں کی واپسی شامل تھی۔