اسلام ٹائمز۔ فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی انروا (UNRWA) نے اعلان کیا کہ گذشتہ رات مغربی کنارے میں اس تنظیم کے ایک فلسطینی ملازم کو اسرائیلی اسنائپر نے گولی مار کر شہید کر دیا ہے۔
اپنے بیان میں انروا کا کہنا تھا کہ فلسطینی ملازم اپنے گھر کی چھت پر موجود تھا جب اسے قابض اسرائیلی فوج کے ایک اسنائپر نے نشانہ بناتے ہوئے شہید کر دیا۔
انروا کے مطابق مغربی کنارے میں گزشتہ 10 سالوں کے دوران اس بین الاقوامی تنظیم کے ملازمین کے قتل کی کوئی مثال نہیں ملتا!
انروا نے یہ اعلان بھی کیا کہ جنگ غزہ کے آغاز سے لے کر اب تک غزہ میں انجام پانے والے اسرائیلی جنگی جرائم کے دوران اس کے کل 200 ملازمین شہید ہو چکے ہیں جس کی اقوام متحدہ کے قیام کے بعد سے کوئی مثال نہیں ملتی۔
مغربی کنارے میں انروا کے اس ملازم کی شہادت، غزہ کے مرکز میں واقع اس بین الاقوامی ادارے کے ایک اسکول پر غیرقانونی و سفاک صیہونی رژیم کی ہوائی بمباری کے بعد منظر عام پر آئی ہے جس میں انروا کے 6 فلسطینی ملازم شہید ہو گئے تھے۔