اسلام ٹائمز۔ دنیا بھر کی طرح لاہور میں بھی آج یوم شہادت حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ یوم شہادت کی مناسبت سے شہر کی مختلف امام بارگاہوں میں مجالس عزاء کا انعقاد کیا گیا،جس میں علمائے کرام اور ذاکرین عظام نے حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کے فضائل و مصائب بیان کئے۔ جبکہ مختلف مقامات پر شبیہہ تابوت بھی برآمد ہوئیں۔ امام بارگاہ گلستان زہرا ایبٹ روڈ پر مجلس عزاء کا اہتمام کیا گیا، جس سے علامہ سید سیلم عباس جعفری نے خصوصی خطاب کیا اور فضائل و مصائب امام حسن عسکری علیہ السلام بیان کئے۔ اختتام مجلس شبیہہ تابوت برآمد ہوئی جبکہ نوحہ خواں حضرات نے نوحہ خوانی کی اور ماتم کیا گیا۔ شہر کے دیگر علاقوں امامیہ کالونی، شاہدرہ، راوی روڈ، راج گڑھ، فتح گڑھ، دھرم پورہ، مغلپورہ، جعفریہ کالونی، سمن آباد، چونگی امر سدھو، ماڈل ٹاون، ڈیفنس روڈ، چندرائے روڈ سمیت دیگر علاقوں میں مجالس عزاء کا انعقاد کیا گیا۔