0
Saturday 7 Sep 2024 18:35

عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، ڈاکٹر راغب نعیمی

عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، ڈاکٹر راغب نعیمی
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈا کٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ قادیانی اسلام و پاکستان دونوں کے دشمن ہیں، قادیانی سازشوں کا ہر سطح پر تعاقب و محاسبہ کیا جائے گا۔ عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور نبی کریم کے بعد قیامت تک کوئی نبی پیدا نہیں ہو سکتا، عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ مبارک ثانی کیس کے حوالے سے سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا انتظار کریں گے اور تفصیلی فیصلہ دیکھنے کے بعد اس پر اپنی رائے کا اظہار کرینگے، دین اسلام میں ہجوم کے ذریعے تشدد کا کوئی تصور موجود نہیں، زندگی کے آخری سانس تک تحفظ ختم نبوت و ناموس رسالت کا تحفظ کرتے رہیں گے۔ عقیدہ ختم نبوت دین کی بنیاد ہے بنیاد کے بغیر کوئی عمارت قائم نہیں رہ سکتی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارالعلوم جامعہ نعیمیہ میں”تحفظ ختم نبوت گولڈن جوبلی کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر ابوالخیر زبیرالوری، شیخ الحدیث مفتی شیر محمد، مفتی سجاد احمد فیضی، ڈاکٹر ارشد اقبال نعیمی، علامہ حاجی امداد اللہ نعیمی، ڈاکٹر حسیب قادری، مفتی انتخاب احمد نوری، علامہ محمد یوسف اعوان، شیخ الحدیث مولانا محبوب احمد چشتی و دیگر رہنماﺅں نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں شیخ الحدیث مفتی انورالقادری، مولانا غلام نصیرالدین چشتی، مفتی محمد ہاشم، علامہ مختار احمد ندیم، صاحبزادہ پیر افضال حسین زنجانی، مفتی ندیم قمر، مفتی عمران حنفی، رکن پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی، مفتی قیصر شہزاد نعیمی، مفتی شفقت یوسفی سمیت جامعہ نعیمیہ کے اساتذہ کرام، فاضلین ،طلبہ سمیت عامة الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر ابوالخیر زبیرالوری 7 ستمبر 1974ء کو عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے مسلمانوں کی قربانیاں رنگ لائیں اور پاکستان کی پارلیمنٹ نے قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دیا۔ تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماءو مشائخ نے ہر دور میں اس عقیدہ کے تحفظ کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ مفتی شیر محمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے امت مسلمہ کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ ڈاکٹر حسیب قادری نے کہا کہ قادیانیوں کے سہولت کار مذموم سازشوں سے باز آ جائیں اللہ و رسول کی ناراضگی اور عاشقان رسول کے غیض و غضب سے ڈریں۔ علامہ یوسف اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید ختم نبوت ذوالفقار علی بھٹو ، علامہ شاہ احمد نورانی و دیگر اکابرین کے تاریخی کردار و خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سردار محمد خان لغاری نے کہا کہ عقیدہ تحفظ ختم نبوت، ناموس رسالت، عظمت صحابہ و اہلبیت اطہارؑ کے تحفظ و تقدس اور دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریںگے۔

مفتی انتخاب احمد نوری نے کہا کہ 7 ستمبر تاریخ پاکستان میں وہ روشن اورتاریخ ساز دن ہے، جب مملکت خداداد پاکستان کے ہزاروں مسلمانوں نے عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے، قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، اور طویل جدوجہد کے بعد پارلیمنٹ سے قادیانیوں کو آئینی طور پر غیرمسلم اقلیت قرار دلوانے میں شاندار کامیابی حاصل کی، عقیدہ ختم نبوت و ناموس رسالت کا تحفظ ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے، اس کے ایمان کامل کا تقاضا اور آخرت میں شفاعت رسول کریم کا ذریعہ ہے۔ مفتی سجاد احمد فیضی نے کہاکہ گزشتہ تین نسلوں سے نعیمی خاندان دین متین کی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ امت اور پاکستان کے بڑے بحران سے بچانے پر ہم ڈاکٹر راغب حسین نعیمی اور دیگر علماء کرام کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ حضور پُرنور سیدنا محمد رسول اللہ کا آخری نبی ہونا ایسا واضح اور مسلمہ عقیدہ ہے جو قرآن کریم فرقان حمید کی ایک سو آیات مقدسہ اور خاتم النبین کی دو سو دس احادیث مبارکہ سے ثابت ہے، اور اس پر کلی اجماع امت ہے، نیز سابقہ کتب سماویہ والہامیہ میں بھی حضور نبی کریم ﷺ کے آخری نبی ہونے کا ذکر موجود ہے۔ عقیدہ ختم نبوت امت مسلمہ کو وحدت کی ایک لڑی میں پروتا ہے، اور اسی منصب ختم نبوت کی برکت سے قرآن کریم آخری آسمانی کتاب، امت محمدی آخری امت اور شریعت اسلام آخری دین ہے۔ کانفرنس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کرائی گئی۔
خبر کا کوڈ : 1158597
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش