0
Sunday 1 Sep 2024 14:10

لاہور، جامعہ عروۃ الوثقیٰ میں اربعین امام حسین ؑ کا ملک گیر اجتماع

غزہ المیے پر مسلمانوں کی ذلت کا سبب، مکتب اہلبیت سے دوری ہے، علامہ جواد نقوی
لاہور، جامعہ عروۃ الوثقیٰ میں اربعین امام حسین ؑ کا ملک گیر اجتماع
اسلام ٹائمز۔ جامعہ عروۃ الوثقیٰ میں اربعین امام حسینؑ کی مناسبت سے ملک گیر اجتماع منعقد ہوا، جس میں علماء کرام، معروف نوحہ خوان اور بلا تفریق ِمسلک و مذہب، عاشقانِ امام حسین علیہ السلام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ "یزیدیت شکن و صہیونیت ستیز اربعین حسینی" کے عنوان سے منعقدہ اجتماع سے خطاب میں علامہ سید جواد نقوی نے مکتب و تعلیمات اہلبیت کے مقابلے میں بنو امیہ کے بنائے ہوئے مذہب اور مفتیوں کی جانب سے اس کی ترویج کو مسلمانوں کی ذلت کا سبب قرار دیا، جو کسی بھی طریقے سے اقتدار میں آنیوالے حکمرانوں حتی یزید جیسے فاسق و فاجر کی اطاعت کو مسلمانوں پر لازم قرار دیتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رسول اسلام (ص) کے تعلیم کردہ دین کے مقابلے میں اس ذلت آمیز مذہب کی ترویج و تشریح سبب بنی ہے کہ بڑی بڑی افواج، ایٹمی طاقت رکھنے والی دو سو کروڑ مسلمانوں اور اٹھاون ممالک پر مشتمل جمعیت، 80 لاکھ یہودیوں کے سامنے ذلت سے گردن جھکائے کھڑے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے برعکس، مکتب اہلبیت، ظلم کیخلاف قیام کا درس دیتا ہے اور امام حسینؑ اور ان کے اصحاب کی قربانی کو بطور اسوہ پیش کرکے واضح کرتا ہے کہ فرعون کے مقابلے میں امت کا کام اسے دریا برد کرنا اور اس کی ناک خاک میں رگڑ دینا ہے۔ انہوں نے کہا جو ملت ہر ایک سے رابطہ جوڑ لے اور حسین ابن علی سے اپنا تعلق کاٹ لے، وہ عزت کا دن نہیں دیکھ سکتی۔ انہوں نے عزاداری کو ظلم کے خلاف قیام، مظلوم کی حمایت اور ہر دور کی یزیدیت کے تعقب کا عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کا وعدہ کہ زمین کی حاکمیت مستضعفین اور مظلومین کو عطا ہوگی، بہت جلد یہ وعدہ پورا ہونیوالا ہے۔ اس موقع پر ںوحہ خواں حضرات نے دختر رسول سلام اللہ علیہا کو پرسہ دیا، عزادار نوحہ خوانی اور ماتم کرتے رہے۔
خبر کا کوڈ : 1157460
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش