اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے پاراچنار میں بدامنی اور دہشتگردی کے واقعات کی شدید مذمت کی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا لگتا ہے کہ دہشتگرد انتظامیہ سے زیادہ طاقتور ہیں۔ جو فوج، ایف سی اور پولیس کی علاقے میں موجودگی کے باوجود پرامن شہریوں پر حملہ آور ہوتے ہیں۔ خارجی ناصبی دہشت گرد مولوی عید نظر ایک عرصے سے مکتب اہل بیت کیخلاف نفرت انگیز تقریریں کر رہا ہے، مگر کسی ادارے نے اس کی تکفیری تقریروں کا نوٹس نہیں لیا۔ بلکہ اداروں میں موجود کچھ کالی بھیڑوں کی طرف سے اس کی سرپرستی کی اطلاعات بھی موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح جھنگ کے تکفیری دہشتگرد گروہ کا سرغنہ بھی محرم الحرام سے پہلے پاراچنار پر جنگ مسلط کرنے اور لشکر کشی کی دھمکیاں دے چکا ہے مگر افسوس اس وقت اور اب تک اس کی سرگرمیوں کا نوٹس نہیں لیا گیا۔ پاراچنار میں دہشتگردی پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ جبکہ صوبائی اور وفاقی حکومتیں بھی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ ہر طرح کی فورس کی موجودگی کے باوجود دہشتگرد افغانستان سے بھی آئے، ہنگو، کوہاٹ، صدہ، دوآبہ اور اطراف سے اعلانات کرکے لشکر کشی کی گئی اور جہاد کی دعوت دی گئی۔ مگر ریاستی ادارے خاموش تماشائی بنے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاراچنار اور غزہ کے عوام کو ایک طرح کی ذہنیت کے دشمن کا سامنا ہے۔