اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں سرمایہ لگانے والی غیر ملکی کمپنیوں نے اپنی سرمایہ کاری سے بھی زیادہ منافع ملک سے باہر منتقل کر دیا گیا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق غیر ملکی کمپنیوں نے سرمایہ کاری سے زیادہ منافع باہر منتقل کر دیا ہے۔ اس حوالے سے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 24-2023ء کے دوران غیر ملکی کمپنیوں نے 2 ارب 21 کروڑ ڈالر کا منافع پاکستان سے باہر منتقل کیا، جبکہ اسی دورانیے میں غیر ملکی کمپنیز نے پاکستان میں 1.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔ مالی سال 23-2022ء کے مقابلے میں غیر ملکی کمپنیوں نے کہیں زیادہ منافع پاکستان سے منتقل کیا۔ جون 2024ء میں غیرملکی کمپنیوں نے پاکستان سے 41 کروڑ ڈالر کا منافع باہر منتقل کیا۔ سب سے زیادہ منافع فائنانشل بزنس کی غیر ملکی کمپنیوں نے 64 کروڑ ڈالر باہر منتقل کئے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالرز باہر منتقل کرنے کی حکومتی پالیسی نرم کرنے سے منافع زیادہ منتقل ہوا، جس کے نتیجے میں غیر ملکی منافع کی منتقلی 6 سال کی بلند سطح پر پہنچ گئی ہے۔