اسلام ٹائمز۔ عرب چینل الجزیرہ نے غاصب اسرائیلی رژیم کے معروف اخبار ہآرٹز (Ha'aretz) سے نقل کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ غاصب و سفاک اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے تقریباً 150 شدید بیمار و زخمی فلسطینی بچوں کو علاج کے لئے متحدہ عرب امارات منتقل ہونے سے روک رکھا ہے۔
غاصب اسرائیلی رژیم کے عسکری چینل کان نے بھی اس بارے اعلان کیا ہے کہ کہ نیتن یاہو نے "مجدل الشمس" کے دھماکے کے بعد سے ان فلسطینی بچوں کی غزہ کی پٹی سے روانگی کو مسلسل ملتوی کر رکھا ہے جبکہ ان بچوں کی منتقلی کے لئے کوئی نیا وقت بھی نہیں دیا گیا۔
ڈاکٹرز فار ہیومن رائٹس نامی عالمی انسانی تنظیم نے بھی نیتن یاہو کے مذکورہ فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو "بچوں کی زندگیوں کے ساتھ اسرائیلی کابینہ کا گھناؤنا کھیل" قرار دیا۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے اس تنظیم کے بیان میں کہا گیا ہے کہ تاخیر، غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے غزہ کے مریض و زخمی بچوں اور شہریوں کی زندگیوں کو نظرانداز کرنے کا ایک اور ثبوت ہے!