اسلام ٹائمز۔ تحریک حماس نے اعلان کیا ہے کہ قابض فوج دنیا کی نگاہوں کے سامنے بچوں اور خواتین کے خلاف انتہائی گھناؤنے جرائم کا ارتکاب کرنے کے لیے امریکی بموں کا استعمال کر رہی ہے۔ فارس نیوز کے مطابق اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس) نے غزہ کی پٹی میں صیہونیوں کے نئے جرائم کے جواب میں اعلان کیا کہ جب بھی قابض اور فاشسٹ فوج معصوم شہریوں کے خلاف انسانیت کے خلاف گھناؤنے جرم کا ارتکاب کرتی ہے، تو اپنے ان اقدامات کو مزاحمت کی موجودگی کا بہانہ بنا کر قبضہ کر توجیہ کرتی ہے اور ایسا قبیح اقدام اس نے آخری بار دیر البلح میں سیدہ خدیجہ اور احمد الکرد کے دو اسکولوں پر بمباری کرکے انجام دیا ہے۔
حماس نے صیہونی حکومت کی سیاسی اور فوجی حمایت کی وجہ سے غزہ کی پٹی میں نسل کشی کی جنگ جاری رکھنے کا مکمل طور پر ذمہ دار امریکی حکومت کو ٹھہرایا ہے۔ اس بیان کے آخر میں حماس نے اعلان کیا کہ قابض فوج دنیا کی آنکھوں کے سامنے امریکی بموں کا استعمال کرکے ایسے گھناؤنے جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے۔ پناہ گزینوں کے مراکز میں بچوں اور خواتین کے خلاف انسانیت سوز اقدامات کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے۔ صہیونی فوج نے چند گھنٹے قبل دیر البلاح میں واقع "خدیجہ" اسکول پر بمباری کی تھی۔ صہیونی فوج کے اس حملے میں تقریباً 30 فلسطینی شہری شہید اور 100 سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے، جن میں سے بعض کی حالت "خطرناک" بتائی جاتی ہے۔ غزہ کی وزارت صحت نے اپنے تازہ ترین اعدادوشمار میں آج اعلان کیا ہے کہ فلسطینی شہداء کی تعداد 39,258 اور زخمیوں کی تعداد 90,589 تک پہنچ گئی ہے۔