0
Friday 26 Jul 2024 20:35

اتحاد و یکجہتی کیلئے ایکجٹ ہوکر کام کرنے کی ضرورت ہے، میرواعظ عمر فاروق

اتحاد و یکجہتی کیلئے ایکجٹ ہوکر کام کرنے کی ضرورت ہے، میرواعظ عمر فاروق
اسلام ٹائمز۔ میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں کو دین اسلام، جو فی الحقیقت دین انسانیت ہے، کی بنیادی تعلیمات اور اخلاقیات پر چلنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ آج کا سب سے بڑا مسئلہ نوجوانوں اور نئی نسل کی کردار سازی اور تعمیر سیرت کا ہے، جس کے لئے پوری ملت کو اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک جٹ ہوکر کام کرنے کی ضرورت ہے اور ہمارے کشمیری معاشرہ کو جو گوناگوں سماجی مسائل درپیش ہیں، ان کے حل اور اصلاح کے لئے متحدہ کوششیں ناگزیر ہیں۔

میرواعظ عمر فاروق نے خطبہ جمعہ کے موقع پر کہا کہ دین اسلام کے پیروکاروں کے مابین 99 فیصد مسائل اور معاملات میں کوئی اختلاف نہیں ہے جبکہ بعض مسائل اور معاملات میں جزوی اور فروعی اختلافات ہیں جو علمی نوعیت کے ہیں۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ جہاں اہلبیت اطہارِ رسول (ص) کے تئیں عقیدت و محبت ہمارے ایمان کا جزء ہے وہیں ہم تمام صحابہ کرام سے یکساں محبت و عقیدت رکھتے ہیں اور ان کی عظمت کے دِل سے قائل ہیں۔

میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ متحدہ مجلس علماء اتحاد بین المسلمین کی ایک نقیب کی حیثیت سے اپنی پوری قوت سے یہاں ملی اتحاد اور یکجہتی کو قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور یہ ہمارا فیصلہ ہے کہ تمام ممبران مجلس فروعی اور غیر ضروری مسائل میں الجھنے کے بجائے صرف ملت کشمیر کو کلمہ وحدت کی بنیاد پر مجتمع کرنے کی کوششیں جاری رکھے گی اور شرپسند اور اتحاد دشمن عناصر کے عزائم کو ہر صورت میں ناکام بنایا جائے گا۔ میرواعظ نے علماء، مشائخ اور واعظین پر زور دیا کہ وہ اتحاد بین المسلمین کے وسیع تر ملی مفاد میں فروعی اور غیر اہم مسائل پر ایسے بیانات تقاریر اور خطابات سے پرہیز کریں جس سے عوام میں انتشاری کیفیت اور تفرقہ پیدا ہو۔
خبر کا کوڈ : 1150180
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش