0
Sunday 12 May 2024 21:33

کراچی، فلسطین فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ایمبولینس کاروان برائے یکجہتی فلسطین کا انعقاد

کراچی، فلسطین فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ایمبولینس کاروان برائے یکجہتی فلسطین کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ فلسطین پر غاصب صیہونی تسلط کے دن یوم نکبہ اور غزہ میں جاری نسل کشی کے خلاف فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام کراچی شارع فیصل پر ایمبولینس کاروان برائے یکجہتی فلسطین کا انعقاد کیا گیا۔ یکجہتی فلسطین ریلی میں ایمبولینسز کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جبکہ ڈاکٹرز، پیرامیڈکس اسٹاف سمیت خواتین بائیکرز کا خصوصی گروپ اور سوسائٹی کے تمام طبقات شریک ہوئے۔ ریلی میں خواتین اور بچوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے تین تلوار کلفٹن پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کی۔ شرکائے ریلی نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرنے سمیت فلسطینی عوام کے حق واپسی کا مطالبہ درج تھے، جبکہ فلسطینی عوام کے حق واپسی کی علامت چابی بھی ہاتھوں میں اٹھا رکھی تھی۔

شرکائے ریلی سے مختلف سیاسی، مذہبی و سماجی قائدین بشمول فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم، ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی، محفوظ یار خان، علامہ باقر زیدی، مسلم پرویز، علامہ قاضی احمد نورانی، علامہ عقیل انجم، اسرار عباسی، پیرزادہ ازہر علی ہمدانی، ثاقب نوشاہی، علامہ مبشر حسن، صادق شیخ اور مفتی محمد داؤد، ڈاکٹر علی حسن، خاتون بائیکر فرخندہ فیروز اور بشیر خان سدوزئی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر پیر معاذ نظامی، اسماعیل عارفی، قاری عبدالوحید یونس، شایان ستی سمیت طلباء و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مقررین نے کہا کہ غزہ میں لاکھوں لوگ زخمی ہیں اور علاج معالجہ کی سہولیات سے محروم ہیں، ایمبولینس کاروان کا مقصد فلسطینیوں کے صحت اور علاج معالجہ کے مسائل کو دنیا کے سامنے جاگر کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کا چارٹر پھاڑنے والے سفیر کو اقوام متحدہ سے بے دخل کیا جائے، امریکی حکومت دنیا میں انسانی حقوق کی پامالی کر رہی ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ فلسطین پر اسرائیل کے غاصبانہ تسلط کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی، فلسطینیوں کے حقوق کا دفاع کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، اسرائیل فلسطینیوں کی سرزمین پر قائم کی جانے والی ایک غاصب اور ناجائز صیہونی ریاست ہے۔

مقررین نے کہا کہ فلسطین پر صرف فلسطینیوں کا حق ہے اور غاصب صیہونی آبادکاروں کو یورپ اور مغربی ممالک میں واپس جانا چاہئیے۔ مقررین نے غزہ پر جارحیت بند کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ فلسطینی عوام اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور ہم فلسطینی مزاحمت کی تحریکوں بشمول حماس، جہاد اسلامی، حزب اللہ اور انصار اللہ سمیت عراقی مزاحمت کی حمایت کرتے ہیں۔ مقررین نے امریکی یونیورسٹیوں میں طلباء کی گرفتاری کی مذمت کی اور امریکی اساتذہ اور طلباء کو فی الفور رہا کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ پر جارحیت کے خاتمے اور امریکی یونیورسٹیوں کے طلباء اور اساتذہ کے حقوق کیلئے ہم ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے جاری رکھیں گے۔اس موقع پر شرکائے ریلی نے فلسطین کی آزادی اور غاصب صیہونی حکومت کے تسلط کے خلاف نعرے لگائے۔
خبر کا کوڈ : 1134567
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش