0
Wednesday 15 Nov 2023 13:00

مسلمان اپنے سیاسی وقار کیلئے اپنی قیادت کو تسلیم کریں، پیس پارٹی

مسلمان اپنے سیاسی وقار کیلئے اپنی قیادت کو تسلیم کریں، پیس پارٹی
اسلام ٹائمز۔ آل انڈیا پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ بھارتی مسلمان آزادی کے بعد سے آج تک مبینہ سیکولر پارٹیوں کو ووٹ دیتا آرہا ہے، مگر اس کو حاصل کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کا مسلمان کو خود مشاہدہ کرنے کی آج وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس فسطائیت کا سامنا آج وہ کر رہا ہے اسی فسطائی طاقتوں کا سامنا اس کو مبینہ سیکولر پارٹیوں کے اقتدار میں بھی تھا، فرق اتنا ہے کہ وہ پہلے زخم دیتے تھے بعد میں مرہم لگاتے تھے، مگر مسلمان مبینہ سیکولر پارٹیوں کے سیاسی فریب کو سمجھ نہیں سکا، اگر وقت رہتے اس نے اپنی سیاسی قیادت کو تسلیم نہ کیا تو، اپنے ووٹوں کی قیمت کو ضائع کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو اپنے سیاسی وقار کو زندہ رکھنے کے لئے اپنی قیادت کو تسلیم کرنا ہوگا، اسی میں اس کا مستقبل روشن ہے۔ پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ مسلمانوں کی اقتصادی و سیاسی پسماندگی کسی سے مخفی نہیں ہے، حالات یہ ہے کہ سیاسی بیداری نہ ہونے کے سبب سیاسی طور پر وہ منتشر ہیں، جس کے سبب ووٹوں کی تقسیم نے ان کے سیاسی وجود کو اختتام کی دہلیز پر کھڑا کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخاب کا وقت آتا ہے تو مبینہ سیکولر پارٹیوں کے مسلم لیڈران انہیں ایسا سبز خواب دکھاتے ہیں کہ وہ اپنے ماضی کے دکھ درد کو بھول کر پھر سیاسی صیاد کے جھانسے میں آکر اپنے قیمتی ووٹوں کو ضائع کر دیتا ہے۔ مبینہ سیکولر پارٹیوں کی مسلم قیادت کے خلاف پروپگنڈے کو مسلمان سمجھ نہیں پاتا ہے، جس کے سبب وہ آج تک ان کی سیاسی غلامی میں اپنی قیمت کو پہچان نہیں پا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مسلمان ان مبینہ سیکولر پارٹیوں کی غلامی کو چھوڑ متحد ہوکر اپنی قیادت کو تسلیم نہیں کرتا، اس کے حالات میں تبدیلی آنے والی نہیں ہے اور نہ ہی وہ اپنے حقوق حاصل کر سکتا ہے۔ اس لئے مسلمانوں کو ماضی و مستقبل پر غور و فکر کرتے ہوئے ان مبینہ سیکولر پارٹیوں کے جھانسے سے بچ کر بیداری کے ساتھ اپنے سیاسی وقار کو حاصل کرنا ہے اور یہ تبھی ممکن ہے جب وہ اپنی سیاسی قیادت کو تسلیم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پیس پارٹی مسلسل مسلمانوں کے حقوق کی لڑائی لڑ رہی اور ہر محاذ پر آواز اٹھا رہی ہے لیکن وہ جن سیاسی پارٹیوں کو ووٹ دیتا آرہا ہے وہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ پیس پارٹی کے صدر نے کہا کہ مسلمانوں کو مزید غور و فکر کے ساتھ اپنے سیاسی حالات پر مشاہدہ کر بیداری کے ساتھ صحیح فیصلہ لینا ہوگا۔ ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ آئندہ پارلیمانی انتخاب کے لئے مسلمانوں کو مبینہ سیکولر پارٹیوں کے گمراہ کن نعروں سے بچ کر بیداری کے ساتھ فیصلہ لینے کی ضرورت ہے، تاکہ سیاسی مستقبل روشن اور حقوق حاصل کرنے کی راہ ہموار ہو سکے۔
خبر کا کوڈ : 1095826
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش