0
Monday 18 Sep 2023 19:22

معاشی ترقی کیلئے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے، محسن نقوی

معاشی ترقی کیلئے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے، محسن نقوی
اسلام ٹائمز۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی چین کے صوبے ننشیا کے دارالحکومت ین چوان کے یوہائی کنونشن سینٹر آمد ہوئی، وزیر اعلیٰ محسن نقوی کا ننشیا کیمونسٹ پارٹی کے چیئرمین، گورنر ژانگ یوپو اور سیکرٹری جنرل، چیف منسٹر لیانگ یانشون نے استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی تیسری ننشیا انٹرنیشنل فرینڈ شپ سٹیز فورم کے مہمان خصوصی تھے، محسن نقوی کے اعزاز میں انٹرنیشنل فرینڈ شپ سٹیز فورم کی جانب سے استقبالی ظہرانہ دیا گیا۔ ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ننشیا انٹرنیشنل فرینڈ شپ سٹیز فورم میں شرکت کو پنجاب کے عوام کا اعزاز سمجھتا ہوں، چین کا رویہ ہمیشہ پاکستان کے ساتھ دوستانہ رہا ہے، چین کے صدر شی جن پنگ پاکستان اور عوام کے ساتھ مہربان رہے ہیں۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب 14 کروڑ افراد کا صوبہ ہے جہاں ترقی کے بے شمار مواقع منتظر ہیں، پنجاب کے سرکاری وفد کی چین آمد کا مقصد مختلف شعبوں کے ماہرین سے ملاقات اور تبادلہ خیال ہے، ننشیا میں تعاون اور ترقی کے نئے راستے سامنے آئیں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ انٹرنیشنل فرینڈ شپ سٹیز فورم کی بدولت اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھانے کا موقع مل رہا ہے، معاشی ترقی کے لیے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے۔ ننشیا کیمونسٹ پارٹی کے چیئرمین، گورنر ژانگ یوپو نے کہا کہ وزیراعلیٰ محسن نقوی اور پنجاب کے وفد کا کھلے دل سے خیر مقدم کرتے ہیں۔ ننشیا کیمونسٹ پارٹی کے سیکرٹری جنرل، چیف منسٹر لیانگ یانشون نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے تعاون کو فرض سمجھتے ہیں۔ تقریب میں صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، ابراہیم حسن مراد، چیف سیکرٹری زاہد زمان اختر، ننشیا کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 1082413
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش