اسلام ٹائمز۔ سابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا کہ تصور نہیں کر سکتا کسی دہشتگرد کو سیاسی روپ میں سامنے لیکر آیا جائے۔ میاں جاوید لطیف نے نواز شریف سے ملاقات کیلئے آمد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا نوازشریف کی پاکستان آمد کے موقع پر لیگی کارکنوں کے علاوہ عام افراد بھی استقبال کیلئے آئیں گے، سابق وزیراعظم کی آمد پر جمہوریت اور ووٹ کو عزت دو کے فلسفے کو دل سے ماننے والے باہر آئیں گے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا نواز شریف نے واپسی کی تاریخیں جو پہلے دی تھیں وہ اس وقت بھی واپس آنا چاہتے تھے، اس وقت کے چیف ایگزیکٹو نے نواز شریف کا راستہ روکا۔ 9 اور 10 مئی کے واقعات کے بعد اس وقت کی رجیم نے خود احتسابی اپنے ادارے میں کی اور بہت سے لوگ پکڑے گئے۔ جاوید لطیف نے مزید کہا کسی سیاسی جماعت پر پابندی کے حق میں نہیں، لیکن یہ تصور نہیں کرسکتا کہ کسی دہشتگرد کو سیاسی روپ میں سامنے لے کر آیا جائے۔