اسلام ٹائمز۔ کوہاٹ میں چہلم امام حسین علیہ السلام مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا، اس موقع پر شہر بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، جبکہ ماتمی جلوس میں عزاداروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ عزاداروں نے امام عالی مقام (ع) اور دیگر شہداء کربلا کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کوہاٹ یونٹ کے زیر اہتمام مین بازار میں امامیہ دستہ (جلوس) کا انعقاد کیا گیا، جبکہ نماز ظہرین کا باجماعت انتظام بھی کیا گیا۔ مرکزی جلوس میں سکیورٹی کے فرائض امامیہ سکاؤٹس نے بھی سر انجام دیئے۔ جلوس عزا کی گزرگاہ پر عزاداروں کیلئے پانی، دودھ اور شربت سمیت دیگر نظر نیاز کی سبیلیں لگائی گئیں۔