اسلام ٹائمز۔ برطانوی شہزادے ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن پاکستان کے دورے کے تیسرے دن کے آغاز پر صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر چترال کے دورے پر ہیں۔ چترال ایئر پورٹ آمد پر ضلعی کمشنر (ڈی سی) اور ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) نے شاہی جوڑے کا استقبال کیا۔ اس موقع پر شاہی جوڑے کو روایتی ٹوپی پہنائی گئی، ساتھ ہی شہزادے ولیم کو روایتی چغہ اور شہزادی کیٹ کو شال کا تحفہ بھی دیا گیا۔ شاہی جوڑے کو شہزادی ڈیانا کے دورے پر مشتمل تصویری کتاب بھی تحفے میں پیش کی گئی، انہوں نے 1991ء میں وادی کا دورہ کیا تھا۔ اس موقع پر برطانوی شاہی جوڑے نے ہیلی کاپٹر میں کوہِ ہندوکش کے خوبصورت نظاروں سے لطف اٹھایا۔ بعدازاں شاہی جوڑا ہیلی کاپٹر کے ذریعے چترال کے پر فضا مقام بروغل روانہ ہوگیا۔ شہزادے ولیم اور کیٹ میڈلٹن کی جانب سے چترال میں واقع وادی کیلاش کی سیر کرنے کا بھی امکان ہے۔ شاہی نامہ نگار برائے دی سن ایمیلی اینڈریو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ ’شاہی جوڑا مقامی دیہاتوں میں سیلاب کے اثرات کا جائزہ لینے کیلئے چترال کا دورے پر ہے‘۔ واضح رہے کہ پاکستانیوں میں مقبول شہزادی ڈیانا کے بیٹے اور بہو 5 روزہ دورے پر 14 اکتوبر کی رات ساڑھے 9 بجے اسلام آباد پہنچے تھے، ان کا یہ دورہ 14 اکتوبر سے 18 اکتوبر تک جاری رہے گا۔