اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں نہضت کاروان شہید آغا سید ضیاءالدین رضوی کی جانب سے گلگت بلتستان کے نامور عالم دین شہید علامہ ضیاءالدین رضوی کی برسی کا پروگرام امام بارگاہ وحدت المسلمین چشتی نگر گلستان جوہر میں منعقد کیا گیا۔ جس میں جعفریہ الائنس پاکستان کے صدر بزرگ عالم دین علامہ سید رضی جعفر نقوی، شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنما علامہ سید ناظر عباس تقوی، مجلس وحدت مسلمین کے رہنما اور رکن گلگت بلتستان اسمبلی علامہ شیخ احمد نقوی، استاد العلماء مولانا شیخ احمد نحوی، علامہ جعفر سبحانی، مولانا شیخ عاشق حسین، مولانا نجم الحسن سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ اس موقع پر نوحہ خواں حضرات نے بارگاہ شہداء میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ پروگرام میں شرکاء کی بڑی تعداد شہید علامہ ضیاء الدین کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پروگرام میں شریک تھی۔ مقررین نے برسی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید علامہ ضیاءالدین رضوی نے اپنی زندگی مظلوموں کے حقوق کی بازیابی کیلئے صرف کی اور زندگی کے آخری دن تک ستمگروں کیخلاف ڈٹے رہے، گلگت بلتستان کے عوام کی عزت نفس اور کرامت کو بحال کرنے کیلئے اپنی جان دیدی، لیکن اپنے اصولوں پر کوئی سودا نہیں کیا۔