اسلام ٹائمز۔ دعا کمیٹی صوبائی سکریٹریٹ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے تحت ہفتہ وار مرکزی اجتماعی دعائے توسل اور محفل میلاد بسلسلہ جشن صادقین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، و امام جعفر صادق علیہ السلام کا انعقاد محفل شاہ خراسان روڈ پر کیا گیا۔ دعائے توسل کی تلاوت کی سعادت برادر فصیح الحسن نے حاصل کی جس میں ماتمی انجمنوں، سماجی، سیاسی، اسکاؤٹس کے نمائندوں کی کثیر تعداد اور مومنین و مومنات نے شرکت کی۔ محفل میں معروف شعرائے کرام، منقبت خواں حضرات نے نذرانہ عقیدت پیش کیا، جن میں محمد فیضان رضا قادری، حسین شاہ رحمانی ، فصیح الحسن، وسیم عباس، رضی زیدی، کمال امروہوی، اریب ہادی، نقی لاہوتی، طالب حسین، راشد جلالوی، نایاب حسین زیدی، افسر علی، محمد علی جلالوی، اکبر علی، شیراز زیدی، حسن علی، اسد لاکھانی، علی حیدر جعفری نے بارگاہ رسالت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر سجاد زیدی، ضامن عباس نقوی، علی عباس، حسن نقوی، سلمان، سجاد، علامہ شاہ فروز الدین رحمانی، علی رضا نامدار، سمیع بیک، علامہ سجاد شبیر رضوی، عباس الخدم بھی موجود تھے جبکہ ناصر حسینی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔
آغا سجاد شبیر رضوی اور علامہ شاہ فیروز الدین رحمانی نے خطاب کرتے ہوئے محمد مصطفی (ص) و امام جعفر صادق (ع) کی زندگی و سیرت پر روشنی ڈالی اور دہشت گرد اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کی بھرپور مذمت کی اور عالم اسلام سے مطالبہ کیا کہ کہ وہ اٹھ کھڑے ہوں اور اسرائیل کے خلاف عملی اقدامات کریں۔ دعا کے اختتام پر مومنین و مومنات میں جشن صادقین کے خوشی میں مٹھائیاں تقسیم کی گئی۔ بعدازاں ناصر حسینی نے اعلان کیا کہ 24 اکتوبر بروز منگل بعد نماز مغربین محفل شاہ خراسان روڈ پر مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی و شہداء کے درجات بلندی اور بیت المقدس، فلسطین کی آزادی حماس، حزب اللہ کی کامیابی کے لیے دعائیہ اجتماع منعقد ہوگا اور معصوم فلسطین بچوں کی یاد میں شمع روشن کیے جائیں گے۔