0
Monday 9 Oct 2023 02:43

ایم ڈبلیو ایم کراچی ملیر کی جشن فتح مقاومت اسلامی ریلی، شیعہ سنی علماء و مشائخ کی شرکت

اسلام ٹائمز۔ قبلہ اوّل مسجد اقصیٰ پر قابض غاصب اسرائیل کے مظالم کے مقابل مجاہدین فلسطین کے دندان شکن حملوں اور شاندار کامیابی پر مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کراچی اور اہلیان جعفرطیار سوسائٹی کی جانب سے عظیم الشان جشن فتح مقاومت اسلامی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں سینکڑوں کی تعداد میں مرد وخواتین اور بچوں نے بھرپور شرکت کی۔ ریلی مرکزی مسجد جعفرطیار سوسائٹی سے ناد علیؑ اسکوائر تک نکالی گئی، جس میں شیعہ سنی مکتب فکر کے جید علماء کرام و مشائخ عظام بشمول رہنما مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن علامہ نشان حیدر ساجدی، علامہ مبشر حسن، علامہ حیات عباس نجفی، صدر ایم ڈبلیو ایم ضلع ملیر سید احسن عباس رضوی، علامہ گلزار حسین شاہدی، اہل سنت عالم دین پیر معاذ علی چشتی نظامی، رہنما جماعت اسلامی و چیئرمین یونین کونسل 4 کریم بخش، شیعہ علماء کونسل کے رہنما محسن عباس واسطی، مولانا انصاف حیدری، قیصر عباس زیدی، ثمر سعید رضوی، کاظم نقوی اور دیگر نے خطاب کیا اور معروف شاعر کلیم اختر کلیم نے منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا، اس موقع پر مختلف سیاسی، مذہبی و سماجی شخصیات، اراکین شیعہ علماء کونسل، آئی ایس او اور بیت فاطمہ اسلامک انسٹیٹیوٹ کے طلبہ و طالبات بھی شریک تھیں، شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز پلے کارڈ اور فلسطینی و پاکستانی پرچم اٹھا رکھے تھے، بینرز اور پلے کارڈز پر قائدینِ اسلامی کی تصاویر اور امریکہ اسرائیل کے خلاف اور فلسطینی عوام و مجاہدین کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ فضاء مسلسل امریکا و اسرائیل مردہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی، آخر میں امریکا و اسرائیل کے پرچم نذرآتش کئے گئے۔
خبر کا کوڈ : 1086969
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش