اسلام ٹائمز۔ بانیِ پاکستان بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا یوم ولادت آج عقیدت اور احترام سے منایا گیا۔ اس موقع پر کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔ تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے کیڈٹس سے گارڈز کے فرائض پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے دستے نے سنبھال لئے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا مزار قائد پر پہنچنے پر کابینہ اراکین، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، کمشنر کراچی اور دیگر نے استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے گورنر کامران ٹیسوری کا استقبال کیا جب وہ بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے پہنچے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنی کابینہ کے ارکان کے ہمراہ پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مزار قائد پر موجود بابائے قوم کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کے 146ویں یوم پیدائش پر ہمیں اتحاد اور نظم و ضبط کو قائم کرتے ہوئے ملک کو مختلف بحرانوں سے نکالنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرنا چاہیئے تاکہ انہوں نے جس ملک کی بنیاد رکھی وہ ترقی کر سکے۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے پاکستان کے موجودہ حالات قائد کے رہنما اصولوں کو اپنانے کا تقاضہ کرتے ہیں اور ایک فلاحی معاشرہ کی تشکیل ہی عظیم قائد کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرسکتی ہے۔