متعلقہ فائیلیںاسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیر توانائی، ترقیات و منصوبہ بندی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور انہیں روزگار کی فراہمی سندھ حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ نمل کراچی کیمپس نارتھ ناظم آباد میں پہلے آل کراچی بین الجامعات تقریری مقابلے میں شریک طلباء و طالبات سے مہمان خصوصی کے طور پر اپنے خطاب میں کیا جس میں شہر بھر کی بیس سے زائد جامعات کے اڑتیس کے قریب طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر توانائی ناصر شاہ نے کہا کہ مقابلے کا رجحان نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، ہمارے نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، مستقبل میں ملک کی بھاگ دوڑ انہیں سنبھالنی اور ملک کو ترقی کی طرف گامزن کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جامعہ نمل میں نوجوانوں کی تقاریر سن کر احساس ہوا کہ ہمارے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے والے اداروں کو حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور انھیں بھرپور سپورٹ بھی کرتی ہے، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو دیکھ کر احساس ہوتا ہے کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں مثبت سرگرمیوں سے معاشرے میں بہتری لائی جاسکتی ہے، نوجوانوں کی تعلیمی سرگرمیوں تک رسائی کیلئے حکومت ہر ممکن کاوشیں کررہی ہے۔ ناصر شاہ نے کہا کہ نمل یونیورسٹی کی عمارت کو سولرائیز کیا جائے گا تاکہ یہاں کے طلبا و طالبات بجلی کے بلاتعطل ماحول میں پرسکون ہوکر اپنا تدریسی عمل مکمل کرسکیں۔