متعلقہ فائیلیںرپورٹ: اعجاز علی
مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کی جانب سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پارٹی کے ورکرز کنوینشن کا انعقاد کیا گیا۔ علمدار روڈ کوئٹہ میں منعقدہ ہونے والے ورکرز کنوینشن میں پارٹی کے صوبائی رہنماؤں اور انتخابات میں ایم ڈبلیو ایم کے امیدواروں نے کارکنوں سے خطاب کیا اور آنے والے انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اپنا منشور پیش کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے ذمہ داران، صوبائی و ضلعی رہنماؤں، انتخابات میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں، بزرگوں، نوجوانوں اور خواتین پر مشتمل مختلف نوٹس کے کارکنوں نے ورکرز کنویشن میں شرکت کی اور انتخابات کے دوران مجلس وحدت مسلمین کے امیدواروں کا بھرپور ساتھ دینے کا اعادہ کیا۔ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے نائب صوبائی صدر اور امیدوار صوبائی اسمبلی علامہ علی حسنین حسینی، ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ ڈاکٹر محمد موسیٰ حسینی، امیدوار قومی اسمبلی ارباب لیاقت علی ہزارہ، امیدوار قومی اسمبلی جعفر علی جعفری اور امیدوار صوبائی اسمبلی سید عباس موسوی نے کنوینشن میں شریک کارکنوں سے خطاب کیا۔
مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء اور صوبائی اسمبلی کے امیدوار علامہ علی حسنین حسینی نے کنوینشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں انفرادی میدان کے ساتھ ساتھ اجتماعی میدان میں بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ مجلس وحدت مسلمین ملک گھیر جماعت ہے جس کے توسط سے پاکستان بھر میں موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اپنی تقریر میں مقامی زبان میں گفتگو کرتے ہوئے کارکنوں کو اپنے انتخابی منشور سے بھی آگاہ کیا۔ جس میں تعلیم و ہنر کے حصول اور اقتصادی بہتری کو ترجیحات میں شامل رکھا گیا۔ علامہ ڈاکٹر محمد موسیٰ حسینی نے اس موقع پر مقامی زبان میں کارکنوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے ماضی میں کوئٹہ کے شیعوں کا پاکستان بھر کے شیعہ قوم سے وابسطگی کے أسباب کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر کے شیعوں نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین ہمارے درمیان وحدت و اتحاد کی وجہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیکولر مائنڈسیٹ کو فروغ دینے والے افراد یہ نعرہ بلند کرتے ہیں کہ دین اور سیاست ایک دوسرے سے الگ ہیں۔ انکی ان کوششوں کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل سیاسی میدان کو غلط استعمال کیا گیا۔ جھوٹ بولنے والوں کو ہرگز اجازت نہیں دینگے کہ ہماری نمائندگی کرے۔ ایم ڈبلیو ایم کے قومی اسمبلی کے نمائندے ارباب لیاقت علی ہزارہ نے بھی مقامی زبان میں خطاب کیا۔ انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی میں نمائندگی کی اہمیت کے حوالے سے شرکاء کو بتایا کہ پاکستان کی پالیسی سازی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے قومی اسمبلی میں ہماری نمائندگی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہماری سیاسی جماعتوں نے قومی اسمبلی پر زیادہ توجہ نہیں دی ہے۔ ہمارے ووٹ قومی اسمبلی کی نشست جیتنے کے لئے کافی ہیں، تاہم ہمیں تعصب سے بالاتر ہوکر مجلس وحدت مسلمین کا ساتھ دینا ہوگا، تاکہ قومی اسمبلی میں جا سکیں۔
قومی اسمبلی کے امیدوار جعفری علی جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بطور سیاسی جماعت عوام کی مشکلات کو حل کرنے کی ذمہ داری ہماری ہے۔ ہم نے ہر محاذ پر جدوجہد کی پوری کوشش کی ہے۔ قوم ہمارا ساتھ دیں تاکہ مستقبل میں بہتر کارکردگی پیش کر سکیں۔ صوبائی اسمبلی کے امیدوار سید عباس موسوی نے ایم ڈبلیو ایم کے ورکرز کنویشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مختلف سیاسی جماعتوں کا ساتھ دیا، تاہم انہوں نے انتخابات کے بعد ہمیں مسائل سے نجات دلانے کے بجائے صرف اپنے سیاسی اہداف کے حصول کے لئے کام کیا۔ مجلس وحدت مسلمین وہ جماعت ہے جس نے ہر محاذ پر ہماری قوم کا ساتھ دیا ہے اور ہمارے لئے یہ بات واضح کردی کہ پاکستان میں ہمیں ایک سیاسی قوت کی ضرورت ہے، جو ہمارے حقوق کا دفاع کر سکے۔
قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial