0
Sunday 31 Dec 2023 22:12

بلوچستان سے کن اہم سیاسی شخصیات کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے؟ ویڈیو رپورٹ میں جانیئے

متعلقہ فائیلیںرپورٹ: اعجاز علی
 
عام انتخابات 2024ء کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد بلوچستان کے مختلف حلقوں کے ریٹرننگ آفیسرز نے فارم 32جاری کئے، تو عوامی حلقوں میں بے چینی کی لہر پیدا ہوگئی۔ قومی و صوبائی اسمبلی کے ریٹرننگ آفیسرز نے بلوچستان کے بیشتر اہم سیاسی و مذہبی شخصیات کے کاغذات نامزدگی مسترد کرتے ہوئے انہیں الیکشن کی دوڑ سے باہر نکال دیا۔ سابق گورنر بلوچستان اور پی ٹی آئی رہنماء سید ظہور آغا نے قومی اسمبلی کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کئے تھے جو مسترد ہوگئے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر جان مینگل نے دو قومی اسمبلی اور ایک صوبائی اسمبلی کی نشست کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کئے، جنہیں مسترد کر دیا گیا۔
 
سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کے قومی اسمبلی کے لئے جمع کردہ کاغذات نامزدگی بھی مسترد کر دیئے گئے۔ سابق وزیر خزانہ خالد لانگو، سابق رکن اسمبلی نصراللہ زیرے، سابق ایم پی اے مجید اچکزئی اور سابق سینیٹر ایاز جوگیزئی کے قومی اسمبلی کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد ہو گئے۔ اسکے علاوہ قومی اسمبلی کے لئے پشتونخوا نیشنل پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ، پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنماء سالار خان کاکڑ اور بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء پرنس احمد عمر زئی سمیت متعدد دیگر امیدواروں کے کاغذات بھی مسترد ہوگئے ہیں۔ صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لئے بھی متعدد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے۔ 

پی بی 42 کوئٹہ میں سابق وزیر اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنماء عبدالخالق ہزارہ، مجلس وحدت مسلمین کے امیدوار علامہ علی حسنین حسینی، شیعہ علماء کونسل کے امیدوار علامہ دبیر حسین، سابق وزیر طاہر محمود، بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے رہنماء رضا الرحمان اور صحافی اسلم رند سمیت دیگر کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے۔ پی بی 40 سے ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے سابق رکن اسمبلی قادر نائل، مجلس وحدت مسلمین کے سید عباس، شیعہ علماء کونسل کے علامہ آصف حسینی، پاکستان پیپلز پار ٹی کے ہادی عسکری سمیت متعدد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ : 1106064
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش