0
Thursday 17 Aug 2023 03:54

توہین صحابہ بل کیخلاف علماء و ذاکرین کانفرنس، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا جرات مندانہ خطاب

متعلقہ فائیلیںاسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ترمیمی بل پاکستان کی سالمیت اور قومی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی مذموم سازش ہے، جسے پوری قوم نے سختی سے مسترد کر دیا ہے، آج کا یہ بھرپور اجتماع واضح کرتا ہے کہ شیعہ قوم بیدار ہے، کسی ایسے قانون کو اس ملک میں لاگو ہونے کی اجازت نہیں دے گی، جس کی آڑ میں دشمنان آل محمد (ص) کو تحفظ دینے کی کوشش کی گئی ہو، علمی و تاریخی حقائق اور اختلافات کو قانون سازی کے ذریعے دبایا یا چھپایا نہیں جا سکتا، شیعہ سنی اسلام کے دو بازو ہیں اور ہم اہل سنت کو اپنی جان اور روح سمجھتے ہیں، بل پیش کرنے اور اس کی حمایت کرنے والوں نے چور دروازے سے ملک کے آئین اور قرآن و سنت پر ضرب لگانے کی کوشش کی ہے۔ اسلام آباد میں منعقدہ علماء و ذاکرین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ اجتماع ایک ایسے شرانگیز بل کا راستہ روکنے کے لئے ہے، جس کا مقصد ملک میں مذہبی منافرت کو ہوا دینا ہے، یہ بل عدل و انصاف کا قتل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اصحاب رسول اللہ (ص) اور امہات المومنین کے نام پر لوگوں کے ساتھ دھوکہ دیا جا رہا ہے، ان عناصر نے تکفیریت اور دہشت گردی کے ذریعے ملک کو تباہی میں دھکیلنے کی کوشش کی، جن کو دانش و بصیرت کے ساتھ شکست دی گئی، میں نے صدر پاکستان سے ملاقات میں واضح کر دیا ہے کہ یہ بل پاکستان کی تباہی کا بل ہے، پچیس کروڑ عوام کے ساتھ یہ بدترین خیانت ہے، کچھ شرپسند طاقتیں یہ تاثر دے رہی ہیں کہ انہیں اس بل کی منظوری میں عسکری اداروں کی رضامندی حاصل ہے، عسکری اداروں کو تکفیری گروہ سے دور رہنا ہوگا، باشعور سنی علماء بھی اس بل کی مخالفت کر رہے ہیں، ایسے غیر قانونی اقدامات کا راستہ روکنا ہوگا، ہم نے پانچ دن دھرنا دے کر بلوچستان کی فاشسٹ حکومت کو ملیا میٹ کر دیا تھا، ہماری قوم بیدار ہے اور قربانی دینا جانتی ہے، ہم یہاں جلسہ کرنے نہیں آئے بلکہ یہ پیغام دینے آئے ہیں کہ ہم قربانی دینا جانتے ہیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہم اس بل کو پاس نہیں ہونے دیں گے، آج پوری قوم اکٹھی ہے، بل بنانے والوں، ان کے پشت پناہوں اور اس کی حمایت کرنے والوں کو پوری دنیا میں رسوا کریں گے، اربعین کے جلوس کو پاکستان کا تاریخی جلوس بنائیں گے، لبیک یاحسینؑ کے نعرے کے ساتھ قوم کا ہر بچہ، بزرگ، جوان خواتین گھروں سے باہر نکلے گا، ہمارے شیر خوار بچے بھی اس بل کی راہ میں رکاوٹ ثابت ہوں گے، علماء، ذاکرین اپنے خطبات میں ان ملک دشمن و اسلام دشمنوں کے مذموم عزائم سے قوم کو آگاہی دیں، ہم نے شجاعت کربلا سے سیکھی ہے، وطن عزیر میں بسنے والے تمام شیعہ سنی بھائیوں کو مل کر ایسی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہوگا، جب تک اہل تشیع کی سیاسی طاقت نہیں ہوگی، پارلیمنٹ میں ایسے بل پیش کئے جاتے رہیں گے، ہمیں اپنے عقیدے اور قوم کے دفاع کے لئے سیاسی طور پر مستحکم ہونا ہوگا، آج کا یہ اجتماع ہمارے اگلے لائحہ عمل کا مقدمہ ہے۔ قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ : 1076163
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش