متعلقہ فائیلیںاسلام ٹائمز۔ محرم الحرام کا پہلا جمعہ جسے عالمی یوم علی اصغر (ع) کا نام دیا گیا ہے، محسنِ انسانیت، امامِ حریت حضرت امام حسین (ع) کے ننھے اور سب سے کمسن سپاہی حضرت علی اصغر (ع)، جو روز عاشور دہشتگردانہ، انتہا پسندانہ اور متعصابہ جذبات میں ڈوبے خونخوار یزیدی لشکر کے تیرِ ستم کا نشانہ بنے اور پھر رہتی دنیا تک کے لئے مکتب کربلا کی حقانیت کا معصوم استعارہ بن گئے۔ کربلا کے اُسی ننھے سپاہی کی یاد میں منایا جانے والا عالمی یوم علی اصغر (ع) درحقیقت عالمی سطح پر دہشتگردی، انتہا پسندی اور باطل کے خلاف ماؤں اور انکے ننھے بچوں کے احتجاج کا ایک عالمی دن ہے۔ یہ دن گزشتہ کئی برسوں سے دنیا بھر کے دسیوں ممالک میں منایا جاتا ہے جس میں اپنے ننھے جگر پاروں کو سینے سے لگائے مائیں، عالمی سامراج کے خلاف برسر پیکار رہنے، راہِ حق و حقیقت میں اپنے جگر پاروں کو قربان کرنے اور عدل و انصاف پر مبنی ایک عالمگیر نظام کے قیام میں کے پیش نظر اپنے جگرگوشوں کی تربیت کرنے کے عزم کا اعلان کرتی ہیں۔
اسی مناسبت سے کراچی میں امامیہ فورم کی جانب سے سولجر بازار میں عالمی یوم علی اصغر (ع) کے پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں مائیں اپنے شیر خوار بچوں کے ساتھ شریک ہوئیں۔ ماؤں نے راہِ حق پر گامزن رہنے، ظلم و استبداد کے خلاف برسرپیکار رہنے اور عالمی سطح پر نظامِ عدل و انصاف کے قیام میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعلان کرتے ہوئے اپنے جگرپاروں کی سلامتی اور عاقبت بخیری کی دعا کی۔ عالمی یوم علی اصغر (ع) منانے کا مقصد پیغام کربلا کو انسانیت تک پہنچانا، اُسے اسلامی و الٰہی اقدار سے آشنا کرنا اور ظلم کے مقابلے میں انہیں جذبہ استقامت سے سرشار کرنا ہے۔ اس دن کا بنیادی مقصد دور حاضر کے یزیدیوں کی نشاندہی اور انکے عزائم، منصوبوں اور سازشوں کو بے نقاب کرنا ہے، مقصد عالمی رائے عامہ کی توجہ اُن یزید صفت خونخواروں کی جانب مبذول کرانا ہے جو فلسطین، افغانستان، شام، عراق، یمن اور بعض دیگر علاقوں میں انسانیت کا خون کرتے ہوئے اپنے مذموم مقاصد کو ہر قیمت پر عملی جامہ پہنانے کے درپے ہیں۔